Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ بندرگاہ پر 13 لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام

حکام کے مطابق نشہ آور گولیاں تختوں میں چھپا کر لائی گئی تھیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حکام نے  نشہ آور اشیا کے انسداد کے لیے مملکت بھر میں وسیع البنیاد مہم تیز کردی ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے اور عکاظ کے مطابق زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے جدہ اسلامی بندرگاہ کے راستے 13لاکھ  سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنائی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ نشہ آور گولیاں تختوں میں چھپا کر لائی گئی تھیں۔محکمہ انسداد منشیات کے تعاون سے نشہ آور گولیاں وصول کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا‘۔ 


جدہ بندرگاہ پر نشہ آور گولیاں وصول کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا( فوٹو: ایس پی اے)

ریاض ریجن میں محکمہ انسداد منشیات نے ریاض ریجن میں نشہ آور پاؤڈر اور ممنوعہ گولیاں فروخت کرنے والے ایک بنگلہ دیشی اور دو انڈونیشیوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ 
 جدہ میں 33.4 کلو گرام حشیش سمیت دو افراد پکڑے گئے ان میں سے ایک کا تعلق یمن اور دوسرے کا سعودی عرب سے ہے۔ 
جازان ریجن کے الحرس سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز نے  60 کلو گرام قات (نشہ آور پتے) سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ 
جازان ریحن کی العارضہ کمشنری میں 132 کلو گرام قات (نشہ آور پتے) سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔

شیئر: