Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاٹ ائیر بیلون کی پہلی لائسنس یافتہ سعودی خاتون پائلٹ عفرا الحربی

سعودی عرب ہاٹ ایئر بیلوننگ فیڈریشن کی جانب سے گرم ہوا کے غباروں کو پائلٹ کرنے والی پہلی لائسنس یافتہ سعودی خاتون عفرا حربی 55 بار العلاء کے تاریخی علاقے میں اڑان بھر چکی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 22 سالہ سعودی خاتون نے العلا کی طیبہ یونیورسٹی میں ہوٹلز اینڈ ٹورازم کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران گرم ہوا کے غبارے اڑانے کی تربیت حاصل کی ہے۔
ہاٹ ایئربیلوننگ فیڈریشن نے مئی 2019 میں العلا میں باضابطہ طور پر اپنا ہیڈکوارٹر کھولا تھا۔

 غبارے اڑانا مشغلہ ہے اسے کل وقتی کیریئر بنانے کے لیے تیار ہوں۔ فوٹو عرب نیوز

طنطورہ فیسٹیول میں ہاٹ ایئر بیلون فیسٹیول کی کامیابی کے چند ماہ بعد کئی راتوں تک گرم ہوا کے 100 غباروں نے العلا کا آسمان روشن کیا تھا۔
موسم سرما کے دوران ہونے والے اس فیسٹیول کے بعد سعودی عرب میں ایڈونچر ٹورازم کا باقاعدہ آغاز کیا  گیاجس سے عفرا الحربی نے بھرپور شرکت کی۔
سعودی پائلٹ نے بتایا ہے کہ جب العلاء میں گرم ہوا کےغباروں کا نظارہ دیکھا تو میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کبھی ان غباروں کو اڑاؤں گی۔

میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کبھی ان غباروں کو اڑاؤں گی۔ فوٹو عرب نیوز

عفرا نے بتایا کہ جب ہاٹ ایئر بیلوننگ فیڈریشن کی جانب سے موقع ملا تو ایک انٹرویو کے بعد مجھے تربیتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیکھنے کے سفر میں ہر ہر قدم پر میرے خاندان نے میری حوصلہ افزائی کی اور گرم ہوا کے غبارے اڑانے والی پہلی سعودی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
تربیتی مشقیں مکمل کرنے کے بعد میں نے 55 سے زائد پروازیں کی ہیں اور میرے اندر کبھی کسی قسم کا خوف یا ڈر نہیں رہا۔

العلاء سکائی فیسٹیول میں سیاحوں کو غبارے کی سواری کرائی جاتی ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

ابھی تک اس قسم کے غبارے اڑانا میرا مشغلہ رہا ہے اور میں اسے اپنا کل وقتی کیریئر بنانے کے لیے بھی تیار ہوں۔
عفرا الحربی کے ساتھ کپتان عبدالرحمان الوہبی اور حسین مکاوی نے بھی ہاٹ ایئر بیلوننگ فیڈریشن سے تربیت حاصل کی ہے اور لائسنس یافتہ بیلون پائلٹس کی اولین فہرست میں شامل ہیں۔

​العلاء فیسٹیول میں 100 غباروں نے آسمان پر نظارہ پیش کیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

العلاء سکائی فیسٹیول میں سیاحوں کو گرم ہوا کے غبارے کی سواری، ہیلی کاپٹر کی سیر اور منفرد قسم کی مہم جوئی، تاریخی ہجرہ یادگار اوردیگر پرکشش مقامات کی سیر کرائی جاتی ہے۔
عفرا الحربی نے بتایا ہے کہ العلا کے قدرتی خوبصورت مناظر کی شاندار عکاسی کرنے اور لطف اندوز ہونے کے لیے میرے نزدیک ہاٹ ائیر بیلون کی سواری سے بہتر کوئی طریقہ نہیں۔
 

شیئر: