Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روٹ ٹو مکہ‘ امیگریشن پروگرام کا دائرہ سات ممالک تک بڑھا دیا گیا

عازمین حج کے امیگریشن کی کارروائی ان کے ملک میں کی جاتی ہے(فوٹو:ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کے تحت عازمین حج کے امیگریشن پروگرام ’مکہ روٹ‘ کا دائرہ اس سال 7 ممالک تک بڑھا دیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت عازمین حج کے امیگریشن کی کارروائی ان کے ملک میں ہی کی جاتی ہے۔ 
سبق نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کے امیگریشن پروگرام ’مکہ روٹ‘ کے تحت اس سال جن ممالک کا اضافہ کیا گیا ہے ان میں ترکیہ اورکوٹ ڈی آئیور شامل ہیں جبکہ اس سے قبل مکہ روٹ پروگرام میں پاکستان، ملایشیا، انڈونیشیا، مغرب اوربنگلہ دیش شامل تھے۔ 
وزارت داخلہ کا امیگریشن پروگرام’مکہ روٹ‘ کے تحت مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کی سہولت کے لیے ان کے ملک میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کی وجہ سے انہیں مملکت پہنچنے پرکسی قسم کا انتظارنہیں کرنا پڑتا۔
ایئرپورٹ سے تمام عازمین کو انکی بسوں کے ذریعے ہوٹلوں میں پہنچا دیا جاتا ہے جبکہ ان کا سامان بھی براہ راست ہوٹلوں میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ 
واضح رہے وزارت داخلہ اوروزارت حج وعمرہ کے تعاون سے ’مکہ روٹ‘ کا منصوبہ تجرباتی طورپرملایشیا سے شروع کیا گیا تھا۔
پروگرام کے دوسرے برس انڈونیشیا کے لیے بھی تجرباتی طورپریہ سہولت فراہم کی گئی بعدازاں پاکستان کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا۔ 
اس سال پاکستان سے ’مکہ روٹ‘ منصوبے کے تحت 26 ہزار سے زائد عازمین حج مستفیض ہوں گے۔ 

شیئر: