Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری، 12 سو سے زائد عازمین مدینہ پہنچ گئے

منگل کو مزید 3 ہزار سے زائد عازمین 9 حج پروازوں سے مدینہ پہنچیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سے چلنے والی خصوصی حج پروازوں کے ذریعے 12 سو سے زائد عازمین مدینہ پہنچ چکے ہیں۔
پیر کو ترجمان برائے وزارت مذہبی امور نے جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ روز حج پروازوں کے آغاز کے بعد سے اب تک پانچ خصوصی فلائٹس چل چکی ہیں جن کے ذریعے 12 سے زائد عازمین کو مدینہ پہنچایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق آج پیر کو مزید چار پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لیے روانہ ہوئیں جن میں ایک ہزار 390 عازمین سوار تھے۔
جبکہ آئندہ روز منگل کو تین ہزار سے زائد عازمین 9 حج پروازوں کے ذریعے مدینہ پہنچیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حاجی کیمپوں میں حفاظتی ویکسین لگانے کا عمل ہفتہ وار چھٹیوں میں بھی جاری رہا۔
وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کی ہدایات پر قربانی کی رقم عازمین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے، سپانسرشپ سکیم کے عازمین متعلقہ بینکوں سے کیش وصول کر سکیں گے۔ 
عازمین حج کو اپنی پرواز سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ حاجی کیمپوں سے پاسپورٹ، ویزہ اور فضائی ٹکٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عازمین حج رہنمائی کے لیے وزارت کی حج ہیلپ لائنز اور ویب سائٹ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
مدینہ کے رہائشی ہوٹلوں میں عازمین کی رہنمائی کے لیے پاکستانی پرچم والی جیکٹ پہنے عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہتا ہے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق مدینہ کی نئی بلڈنگ میں مین کنٹرول آفس قائم کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز کے ذریعے جانے والے عازمین ’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام سے مستفید ہوئے تھے۔
روٹ ٹو مکہ پروگرام کے تحت عازمین کی امیگریشن کے تمام مراحل اور قانونی تقاضے روانگی سے پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی مکمل کر لیے گئے تھے۔
اس موقع پر اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہونے والی تقریب سے خطاب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے حجاج کو مبارکباد دی اور ان کے سفر کی بہتر تکمیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شیئر: