Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں جمعے سے منگل تک کئی علاقے بارش اور گرد آلود ہواوں کی زد میں

موسم غیر مستحکم رہے گا، برفباری اور سیلاب کے خطرات بھی ہیں( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ’ جمعے سے منگل تک سعودی عرب کے بیشترعلاقوں میں موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’50 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ برفباری اور سیلاب کے خطرات بھی ہیں‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’جمعے کی رات سے عسیر، باحہ، جازان، مکہ مکرمہ اور تبوک ریجنوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے’۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اتوار سے منگل تک بارش میں شدت آئے گی جبکہ سنیچر سے الجوف اور حدود شمالیہ غیر مستحکم موسم کی لپیٹ میں ہوں گے۔ پیر اور منگل کو ان علاقوں میں موسمی حالات زیادہ خراب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے‘۔
قومی مرکز کہا کہ ’ریاض، قصیم، حائل، نجران ریجنوں اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعض علاقوں میں جمعے سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور ہوائیں چلنے کا امکان ہے‘۔
’ہواوں کی فی گھنٹہ رفتار پچاس کلو میٹر سے زیادہ رہے گی۔ پیر اور منگل کو ان مقامات پر بارش میں شدت آئے گی  جبکہ گردآلود ہوائیں آندھی کی شکل اختیار کرسکتی ہیں‘۔

شیئر: