پاکستان کا جدہ کے لیے حج پروازیں 5 جون سے چلانے کا فیصلہ
جدہ کے لیے رحیم یار خان اور سکھر سمیت 10 شہروں سے فلائٹ آپریشن شروع ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے جدہ کے لیے براہ راست حج پروازیں پانچ جون سے چلائی جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پیر سے پاکستان جدہ کے لیے براہ راست حج پروازیں چلانے کو تیار ہے۔
حکومت نے حجاج کے لیے پروازوں کا آغاز 21 مئی سے کیا تھا، تاہم پاکستان سے یہ پروازیں ابھی تک صرف مدینہ ہی گئی ہیں۔
حج کے دن قریب آتے ہی مملکت میں موجود پاکستانی حجاج نے مکہ روانگی شروع کر دی ہے۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان سے جدہ ایئرپورٹ جانے والی براہ راست پروازوں کا آغاز پانچ جون سے ہوگا۔‘
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق جدہ کے لیے ملک کے 10 شہروں سے فلائٹ آپریشن شروع ہوگا جس میں رحیم یار خان اور سکھر بھی شامل ہیں۔
براہ راست مکہ جانے والے حجاج حج ختم ہونے کے بعد آٹھ روز تک مدینہ میں قیام کریں گے۔
پاکستان حج کے بعد اپنے شہریوں کو سعودی عرب سے وطن واپس لانے کے لیے پروازوں کا آغاز چار جولائی سے کرے گا۔
رواں سال پاکستان سرکاری سکیم کے تحت 80 ہزار حجاج کو سعودی عرب بھیجے گا جبکہ باقی حجاج نجی ٹور آپریٹرز کی مدد سے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔