Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی وزیر خارجہ بلنکن کی سعودی عرب آمد

امریکی، خلیجی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن منگل کو سعودی عرب کے دورے پر پہنچے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ ’امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن سعودی عرب کا دورہ کریں گے‘۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جب سعودی عرب اور امریکہ دونوں جدہ میں جاری مذاکرات میں سوڈان کے متحارب جرنیلوں کے درمیان پائیدار جنگ بندی کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان میٹ ملر نے کہا کہ ’امریکی وزیر خارجہ چھ سے آٹھ جون کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں وہ سعودی حکام سے ملاقاتیں کریں گے‘۔
’علاقائی و عالمی ایشوز پر امریکی، سعودی اسٹریٹجک تعاون، اکنامک اورسیکیورٹی تعاون سمیت باہمی مسائل کے متعدد  امور تبادلہ خیال کیا جائے گا‘۔
انتونی بلنکن امریکی، خلیجی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ’انتونی بلنکن اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان داعش کو شکست دینے کے لیے عالمی اتحاد کے وزارتی اجلاس کی مشترکہ میزبانی کریں گے‘۔
’اجلاس میں داعش کے مسلسل خطرے سے نمٹنے اور اس کی دائمی شکست یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا‘۔

شیئر: