سعودی شہری نے بیٹے کے قاتل کو سزائے موت سے چند منٹ قبل معاف کردیا
جمعرات 15 جنوری 2026 19:29
سعودی شہری کا کہنا تھا کہ’ اللہ کی رضا سب سے مقدم ہے، (فوٹو: سکرین گریب )
سعودی شہری زاید سالم العطوی نے اپنے بیٹے کے قاتل کو قصاص سے چند منٹ قبل اللہ کی رضا کے لیے معاف کردیا۔
سعودی شہری کا کہنا تھا کہ’ اللہ کی رضا سب سے مقدم ہے، اسی سوچ نے میرے دل کو پرسکون کیا۔‘
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے زاید سالم العطوی نے بتایا ’فیصلے پرعمل درآمد سے قبل معافی کے حوالے سے کوششیں کی گئیں مگر میرا جواب یہی ہوتا ہے جو کچھ ہو گا وہ رب العالمین کے حکم سے ہو گا اور جو لکھا ہوا ہے وہ ہو کررہے گا۔‘
’جب بیٹے کے قاتل کو سزا پر عمل درآمد کے لیے قصاص کے میدان میں لایا گیا تو میں نے دیکھا کہ وہ رو کر اپنے کردہ گناہ کی معافی مانگ رہا ہے۔‘
اس لمحے میں نے اس سے پوچھا کہ ’کیا وہ صدق دل سے سچی توبہ کرتا ہے،اس کا جواب اثبات میں تھا جس پر میں نے اسے اللہ کی رضا کے لیے معاف کردیا۔‘
اس سوال پر معافی دینے کے بعد کیا احساسات ہیں، العطوی نے کہا ’مجھے بہت قلبی سکون ملا، ایسا محسوس ہوا معاف کرنے سے میرے بیٹے کی روح کو سکون مل گیا۔‘
