رواں سال مِس ورلڈ کا مقابلہ امارات نہیں انڈیا میں ہوگا
رواں سال مِس ورلڈ کا مقابلہ امارات نہیں انڈیا میں ہوگا
جمعہ 9 جون 2023 23:11
چار ماہ قبل مِس ورلڈ کے منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ 2023 کا ایونٹ یو اے ای میں ہوگا (فائل فوٹو: آئی اے این ایس)
رواں سال شیڈول مِس ورلڈ کا ایونٹ اب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بجائے انڈیا میں منعقد ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق مِس ورلڈ 2023 کے ایوںٹ کو اب نیا میزبان ملک مل گیا ہے۔
چار ماہ قبل مِس ورلڈ کے منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ 2023 کا ایونٹ یو اے ای میں ہوگا تاہم اب یہ مقابلہ حسن نئے میزبان ملک میں ہوگا جو کہ انڈیا ہے۔
مِس ورلڈ کے ایونٹ کو انڈیا میں کروانے کا اعلان جمعرات کے روز نئی دہلی میں ہوا جہاں مِس ورلڈ آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور چیف ایگزیکیٹو جُولیا مورلے، 2022 کی مِس ورلڈ کیرولینا بیلاسکا اور 2022 کی مِس انڈیا ورلڈ سِنی شیٹھی موجود تھیں۔
مِس ورلڈ آرگنائزیشن نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’انڈیا کو یہ معتبر اعزاز دینے کا فیصلہ اس ملک کے شاندار ثقافتی ورثے، انڈیا کی مختلف ثقافتوں کی تشہیر اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کے بعد کیا گیا ہے۔‘
مِس ورلڈ کا 71 واں ایڈیشن رواں سال نومبر میں متوقع ہے، تاہم ابھی تک حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔
مِس ورلڈ 2022 کیرولینا بیلاسکا کہتی ہیں کہ ’پوری دنیا میں انڈیا کی مہمان نوازی بہترین ہے۔ میں دوسری مرتبہ یہاں آئی ہوں۔ مجھے ایسے محسوس ہو رہا ہے جیسے میں اپنے گھر میں ہوں۔‘
انڈیا نے آخری مرتبہ 1996 میں مِس ورلڈ کی میزبانی کی تھی۔ بینگلور میں ہونے والے اُس ایونٹ میں یونان سے تعلق رکھنے والی ایرین سکلیوا نے یہ مقابلہ حسن جیتا تھا۔
دوسری جانب ابھی تک چھ انڈین خواتین یہ اعزاز اپنے نام کر چکی ہیں جن میں رِیٹا فاریہ 1966، ایشوریہ رائے بچن 1994، ڈیانا ہیڈن 1997، یُکتا مُوکھی 1999، پرینکا چوپڑا 2000 اور مانُوشی چِلر 2017 شامل ہیں۔
گذشتہ سال مِس ورلڈ کا مقابلہ پیورٹورِیکو میں ہوا تھا جہاں پولینڈ سے تعلق رکھنے والی کیرولینا بیلاسکا نے مِس امریکہ کی رنراپ شری سینا اور آئیوری کوسٹ کی اولیویا یاس کو شکست دی تھی۔