Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کی سلامتی کےلیے پلان تیار، سپیشل فورس تعینات

سیکیورٹی اہلکروں کو فرسٹ میڈیکل ایڈ کی ٹریننگ بھی دی گئی ہے ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ریاستی سلامتی کے اعلی ادارے میں ایمرجنسی فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد العمری نے خبردار کیا ہے کہ ’عازمین حج کی سلامتی سرخ نشان ہے‘۔  
ایمرجنسی فورس کے کمانڈرنے مشترکہ سیکیورٹی آپریشن سینٹر (911) مکہ مکرمہ میں جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران حج انتظامات سے آگاہ کیا۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق میجر جنرل محمد العمری نے کہا کہ ایمرجنسی فورس مکہ مکرمہ، مدینہ  منورہ اور مشاعر مقدسہ  میں تعینات ہیں۔ علاوہ ازیں امن عامہ کے  تحفظ کے لیے تمام مقامات پر موجود ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ’ عازمین حج کی خدمت اور مدد کے لیے ایمرجنسی فورس کے دو ہزار سے زیادہ اہلکاروں کو فرسٹ میڈیکل ایڈ کی ٹریننگ بھی دی گئی ہے‘۔ 
ایمرجنسی فورس کے کمانڈر نے عازمین حج سے اپیل کی کہ’ وہ ایمرجنسی فورس کے اہلکاروں سے تعاون کریں۔ مناسک حج کے لیے آمد ورفت کے دوران  سامان ساتھ نہ رکھیں۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ڈیرے ڈالنے سے گریز کیا جائے‘۔
محمد العمری نے بتایا کہ ’عازمین حج کو ایک مقام سے دوسری جگہ محفوظ  منتقلی کو یقینی بنانے کےلیے پلان تیار ہے اس پر عمل درآمد میں تمام سیکیورٹی ادارے شریک ہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے اطراف،مسجد الحرام کے جنوبی حصے نیز جنوبی صحن تک جانے والی شاہراہوں، پبلک ٹرانسپورٹ سٹیشنوں پر عازمین حج کو منظم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات ہیں‘۔ 
’مختلف ممالک سے حج پر آنے والے فرمانرواؤں اور سربراہوں کو ان کی رہائش سے مسجد الحرام  اورمشاعر مقدسہ میں ان کی آمد ورفت کو محفوظ بنانے کے لیے سپیشل فورس تعینات ہے‘۔ 
محمد العمری نے کہا کہ میدان عرفات سے مزدلفہ، وہاں سے منی اور پھر جمرات کے پل آمد ورفت کو منظم کرنے کے لیے ایمرجنسی فورس تعینات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ عازمین حج  کو رمی کے لیے جمرات جاتے وقت سامان لے کر لے جانے،جمرات کے راستے میں ڈیرہ ڈالنے،سڑکوں پر بیٹھنے یا فٹ پاتھوں پر انتظار کرنے سے روکا جائے گا‘۔ 

شیئر: