Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز جمعہ، چھتیں حجاج کےلیے کھول دی گئیں

دونوں مقدس مساجد میں نماز جمعہ کے مثالی انتظامات کیے گئے( فوٹو: ایس پی اے)
 مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دس لاکھ حجاج نے نماز جمعہ ادا کیا ہے۔
  جمعے کی نماز کے لیے صبح سویرے  سے حجاج کی مسجد الحرام آمد شروع ہوگئی تھی۔ مسجد الحرام کی چھتیں نماز جمعہ کے لیے کھول دی گئی تھیں۔ 
علاوہ ازیں حج سیزن 2023 کے حوالے سے حرمین شریفین انتظامیہ کے آپریشنل پلان کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے۔ 
حرمین شریفین انتظامیہ نے دونوں مقدس مساجد میں نماز جمعہ کے مثالی انتظامات کیے جس کےباعث حجاج کسی رکاوٹ کے بغیرمسجد الحرام پہنچ سکے۔ 
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ’ الوادعی طواف کے انتظامات کامیاب رہے۔ اعلی بین الاقوامی معیار کے مطابق حجاج کو بہترین سہولتیں کو فراہم کی گئیں۔ مطاف میں توسیع  اور سعودی دالان  کی وجہ سے کافی گنجائش نکل آئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’حرمین شریفین آپریشنل پلان کے دوسرے مرحلے میں تمام فیلڈ ٹیمیں سو فیصد چوکس ہیں اور حجاج کی خدمت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے‘۔ 

امراض سے بچاؤ کی تمام تدابیر پر بھی عمل کیا جارہا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)

ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ’ مسجد الحرام میں سعودی دور کی تیسری توسیع کے تمام حصوں سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ اس کی تمام منزلیں حجاج کے لیے کھول دی گئی ہیں‘۔
 شاہ فہد والی توسیع کی تمام منزلیں اور مسجد الحرام کے تمام صحن حجاج کے استعمال میں ہیں۔ اسی کے ساتھ امراض سے بچاؤ کی تمام تدابیر پر عمل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ’ اس بات کی بھرپور کوشش ہورہی ہے کہ حجاج کے  قافلوں کی آمد ورفت میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے‘۔

شیئر: