Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوارکو پٹرول نہ دینے کی ہدایت

لکھنؤ- - -  - - - -یوپی میں سڑک حادثات سے موت کے منہ میں چلے جانیوالوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافے کو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت نے جو اہم قدم اٹھایا ہے اس کے تحت ریاست بھر میں پیر سے بغیر ہیلمٹ والے موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول نہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی دارالحکومت لکھنؤمیں پیر سے اس پولیس مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ اس سے متعلق پولیس نے شہر کے تمام پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت جاری کرکے واضح کیا کہ بغیر ہیلمٹ والے موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول نہ دیا جائے۔ اس ضمن میں سبھی پٹرول اسٹیشنوں پر سائن بورڈ لگا دیئے گئے ہیں جن میں ہیلمٹ پہن کر آنے کی تاکید کی گئی ہے۔گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے میرٹھ میں ہدایت جاری کی تھی کہ بغیر ہیلمٹ والوں کو پٹرول نہ دیا جائے جس پر عملدرآمد شروع کردیاگیا ہے۔ لکھنؤ میں بھی سختی سے اس ہدایت پر عمل شروع کردیا گیا ہے اور پٹرول پمپوں کے مالکان نے بھی مہم سے تعاون کرتے ہوئے بعض موٹرسائیکل سواروں کو جو بغیر ہیلمٹ پٹرول اسٹیشن پہنچے تھے پٹرول دینے سے انکارکردیا اور بتایا کہ بغیر ہیلمٹ والوں کو پٹرول دینے کی ممانعت ہے۔ہماری کوشش ہے کہ جو بھی ہدایت جاری ہو اس پر عملدرآمدکیا جائے۔ایس ایس پی دیپک کمار نے پولیس کو ہدایت دے دی ہے کہ کہاکہ شہر میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کو کنٹرول کیا جائے اور ٹریفک خلاف ورزی کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ ایس پی ٹریفک حبیب الحسن نے بتایا کہ ٹریفک قانون کو توڑنے والوں کے خلاف پولیس نے مہم شروع کررکھی ہے۔ اس مہم میں پٹرول اسٹیشنوں کے ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ کوئی بھی موٹر بائیک سوار ہیلمٹ اور کار ڈرائیور بغیر سیٹ بیلٹ کے پٹرول اسٹیشن آئے تو اس کی گاڑی میں پٹرول بالکل نہ بھرا جائے تاکہ وہ آئندہ قانون شکنی کا مرتکب نہ ہو،فی الحال شہر کے تمام پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے عہدیدار ہیلمٹ اور بیلٹ مہم کو عملی جامہ پہنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شیئر: