مملکت کی فضائی حدود اور سرزمین ایران پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہوگی، سعودی ولی عہد
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے منگل کے روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہا کہ تہران بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے جنگ کو روکنے والے ہر عمل کا ہمیشہ خیرمقدم کرتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر پزشکیان نے شہزادہ محمد بن سلمان کو یہ بھی بتایا کہ اسلامی ممالک کا اتحاد اور یکجہتی خطے میں دیر پا سلامتی، استحکام اور امن کی ضمانت بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کی دھمکیاں صرف عدم استحکام کا باعث بنیں گی۔
صدر کے دفتر کے مطابق پزشکیان نے شہزادہ محمد بن سلمان سے کہا، ’امریکی دھمکیان اور نفسیاتی کارروائیاں خطے کے امن و امان کو متاثر کرنے کے لیے ہیں اور ان کا نتیجہ عدم استحکام کے سوا کچھ نہیں نکلے گا۔‘
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق رابطے کے دوران ایرانی صدر نے ایران کی حالیہ صورتحال کی وضاحت کی۔
سعودی ولی عہد نے ایران کی خود مختاری کا احترام کرنے کا اعادہ کیا اور کہا کہ مملکت اپنی فضائی حدود یا سرزمین کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کسی بھی کوشش کےلیے مملکت کی سپورٹ کا اعادہ کیا جس خطے میں سلامتی اور استحکام میں اضافہ ہو۔
ایرانی صدر نے ایران کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے احترام کے حوالے سے مملکت کے موقف، خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے ولی عہد کی کوششوں کو سراہا۔
