Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لگا خواب دیکھ رہا ہوں‘، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھنے والے طالب علم کون ہیں؟

بونیر یونیورسٹی کے طالب علم رحمان علی کے مطابق وزیراعظم کی کرسی پر بٹھا کر مزدور کے بیٹے کو عزت دی گئی۔
پشاور گورنر ہاؤس میں 11 جولائی کو یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم ہوئے جس میں شریک ایک طالب علم نے وزیراعظم شہباز شریف سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آپ اسی طرح نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں کیونکہ مستقبل میں یہ کرسی نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے۔‘ 
رحمان علی کی باتیں سن کر وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان کو گلے لگایا اور اپنی کرسی پر بٹھا کر کہا کہ ’یہ کرسی تمہاری ہے۔‘ 
طالب علم رحمان علی کون ہیں؟
رحمان علی خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر کے چھوٹے سے گاؤں کٹاکوٹ کے رہائشی ہیں جو یونیورسٹی آف بونیر میں شعبہ فزکس کے طالب علم ہیں۔
 اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان علی نے بتایا کہ وہ شعبہ فزکس میں پانچویں سمسٹر کے طالب علم ہیں اور وہ ہر سمسٹر میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کی ملاقات وزیراعظم پاکستان سے ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی دل کی بات کی جو وزیراعظم شہباز شریف کو اچھی لگی اور مجھے عزت دی۔‘ 
رحمان علی کے مطابق ان کے والد کراچی میں مزدوری کرتے ہیں جب انہیں وزیراعظم سے ملاقات کا علم ہوا تو پہلے انہیں یقین نہیں آیا لیکن پھر ویڈیو دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی۔‘
’میرے محنت کش والد اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے محنت  کر رہے ہیں۔ ان کا خواب ہے کہ ان کا بیٹا کامیاب انسان بنے۔ مجھے وزیراعظم کی کرسی پر بٹھا کر وزیراعظم نے میرے حوصلے مزید بلند کیے۔‘
 ان کے مطابق اگر ملک کا وزیراعظم اسی طرح نوجوانوں کو سپورٹ کرے گا تو وہ دن دور نہیں جب نوجوان ترقی کی منازل طے کر لیں گے۔
کیا رحمان علی وزیراعظم بننا چاہتے ہیں؟
اردو نیوز کے سوال پر طالب علم نے موقف اپنایا کہ انہوں نے تمام نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ بات کی کیونکہ نوجوان قوم کے معمار ہوتے ہیں۔ آج اگر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تو مستقبل میں یہ سیاست سمیت تمام معاملات کی باگ ڈور بہتر طریقے سے سنبھال سکیں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان یوتھ پروگرام کے تحت ایک لاکھ طبہ کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: