’جیت کا جذبہ‘: سعودی سٹار یزید الراجحی ڈاکار ریلی 2026 میں ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار
’جیت کا جذبہ‘: سعودی سٹار یزید الراجحی ڈاکار ریلی 2026 میں ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار
جمعہ 2 جنوری 2026 12:04
سعودی ریلی کے سٹار یزید الراجحی تین جنوری کو ینبع سے شروع ہونے والی 2026 کی ڈاکار ریلی میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ سال کی فتح نے یزید الراجحی کو پہلے سعودی ڈرائیور کے طور پر کار کی مجموعی کیٹیگری (الٹیمیٹ) جیتنے کا اعزاز دیا جو دنیا کی سب سے مشکل ریلی کے سب سے اعلیٰ درجے کے مقابلے کے طور پر سمجھی جاتی ہے۔
الراجحی نے کہا کہ ’ہم 2025 میں اپنی کامیابی کے بعد عزم اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ ڈاکار 2026 کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ٹائٹل جیتنا ایک تاریخی لمحہ تھا لیکن اصل چیلنج اب اس کا دفاع کرنا ہے۔ گاڑی بالکل تیار ہے، ٹیم ایک ساتھ کام کر رہی ہے اور ہمارا آغاز سے ہی مقصد واضح ہے کہ جیت کے لیے لڑنا اور سیزن کا مضبوط آغاز یقینی بنانا ہے۔‘
ان کے ساتھی ڈرائیور ٹیمو گوٹشاک بھی مکمل تیار ہیں۔ ٹیم گزشتہ برس کی کامیابی کو اپنی ’اوور ڈرائیو ٹویوٹا ہائی لکس‘ میں دہرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ٹیمو گوٹشاک نے کہا کہ اس سیزن کی تیاری بہت محنت سے کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تیاری میں ڈاکار ریلی کے ہر پہلو کو مدنظر رکھا ہے۔ ’ہماری ٹیم بہترین انداز میں کام کر رہی ہے اور ہم ہر مرحلے کو اچھے طریقے سے مکمل کرنے کے لیے تیار ہیں اور پہلے دن سے ہی جیت کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔‘
ڈاکار ریلی 2026 جو تین سے 17 جنوری تک ہوگی، کل سات ہزار 994 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی جبکہ چار ہزار 840 کلومیٹر وقت کے لحاظ سے مراحل پر مشتمل ہوں گے۔
یزیز الراجحی نے کہا کہ ٹائٹل کا دفاع کرنا اصل چیلنج ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
ریلی میں 13 مقابلوں کے مراحل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایک پرولاگ مرحلہ بھی ہوگا اور ریاض میں آرام کا ایک دن بھی رکھا گیا ہے۔ ریلی کا آغاز اور اختتام ینبع میں ہوگا جس میں سات لوپ مراحل اور دو میراتھن مراحل شامل ہیں جو مشکل کی سطح کو بہت بڑھا دیتے ہیں اور ٹیموں اور عملے پر جسمانی اور تکنیکی طور پر زیادہ دباؤ ڈالتے ہیں۔
الراجحی نے مزید کہا کہ وہ ورلڈ ریلی ریڈ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کے لیے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔
یہ چیمپئن شپ 2022 میں شروع ہوئی تھی۔ مقابلوں میں وہ دو مرتبہ دوسرے نمبر پر اور ایک بار مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر رہے جو ان کی اعلٰی سطح پر مستقل مزاجی کو ظاہر کرتا ہے۔
ڈاکار ریلی کل سات ہزار 994 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
الراجحی نے کہا کہ رواں برس مقابلہ بہت سخت ہوگا تاہم ان کا واضح مقصد ورلڈ ریلی ریڈ چیمپئن شپ ٹائٹل جیتنا ہے۔ ’ہم جانتے ہیں کہ مقابلہ سخت ہوگا لیکن ہم جیت کے جذبے کے ساتھ ڈاکار میں حصہ لے رہے ہیں۔‘
الراجحی نے جمیل موٹر سپورٹس کا شکریہ ادا کیا جن کی مستقل حمایت ان کے لیے انتہائی اہم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حمایت ان کی سعودی عرب میں مسلسل کامیابیوں اور کارناموں کی اہم بنیادوں میں سے ایک ہے۔