Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جوان‘ کی ریلیز سے پہلے شاہ رخ خان اور ایٹلی کمار کی 10 برس پرانی تصویر وائرل

جوان کے ٹریلر میں وِجے سیتھوپاتھی، اداکارہ نائنتھرا، ثانیہ ملہوترا اور پرِیا مانی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: پِکس فُل)
بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان کی آنے والی نئی فلم ’جوان‘ سے پہلے اُن کی اس فلم کے ہدایت کار ایٹلی کمار کے ساتھ 10 برس پہلے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
جوان کے ہدایت کار ایٹلی کمار نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر 14 مئی 2013 کو شاہ رخ خان کے ساتھ بنوائی گئی تصویر اپلوڈ کی تھی۔
انہوں نے اپنی تصویر پر لکھا تھا کہ ’شاہ رخ خان (ایس آر کے) سر اور میں۔‘
ایٹلی کمار نے اس کے بعد 2013 میں فلم ’راجا رانی‘ سے بطور ہدایت کار اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
راجا رانی کے بعد انہوں نے سپرہٹ فلم ’ٹھیری‘، ’مرسل‘ اور ’بیجل‘ جیسی فلمیں بنائیں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان کی فلم جوان کے ٹریلر کے ریلیز ہونے کے بعد اسے یوٹیوب پر خوب دیکھا جا رہا ہے۔
ایکشن، تھرلر اور ڈائیلاگز سے بھرپور ’جوان‘ کے ٹریلر میں شاہ رخ خان کو چار مختلف رُوپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ممکنہ طور پر شاہ رخ خان اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ پولیس افسر کا کردار بھی نبھائیں گے۔
فلم جوان کے ٹریلر میں شاہ رخ خان خوب ایکشن کرتے نظر آتے ہیں.
ٹریلر کے آخر میں اُنہیں 1962 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’بیس سال بعد‘ کے گانے ’بے قرار کر کے ہمیں یوں نہ جائیے‘ پر مزاحیہ انداز میں ٹرین کے اندر ڈانس کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ایکشن، تھرلر اور ڈائیلاگز سے بھرپور ’جوان‘ کے ٹریلر میں شاہ رخ خان کو چار مختلف رُوپ میں دیکھا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: شاہ رخ خان انسٹاگرام)

جوان کے ٹریلر میں کنگ خان کے علاوہ جنوبی انڈیا کے اداکار وِجے سیتھوپاتھی، اداکارہ نائنتھرا، ثانیہ ملہوترا، پرِیا مانی اور سنیل گرووَر کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اس فلم میں بالی وُڈ کی سٹار ادکارہ دپیکا پاڈوکون بھی خصوصی کیمیو کرتی نظر آئیں گی۔
ایٹلی کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی ’جوان‘ سات ستمبر کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
شاہ رخ خان اور ایٹلی کمار کی تصویر پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے تعریفی تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
مسرور نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’دس سال چیلنج اور ایٹلی نے کر دکھایا۔ اُن کے کام کی محنت اور لگن۔ 2013 میں خواب سے آغاز اور 2023 میں اُس خواب کو حقیقت مل گئی۔
ہرمیندر کہتے ہیں کہ ’ایٹلی، شاہ رخ خان کے بچپن سے اصلی پرستار ہیں اور اب انہیں جوان میں ڈائریکٹ کر کے اپنا خواب جی رہے ہیں۔‘
کراٹے پانڈا نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’خواب سچے ہو جاتے ہیں۔ ہم مداح لمبے عرصے سے جیسے شاہ رخ خان کو دیکھنا چاہتے تھے، ویسی فلم بنانے کا شکریہ ایٹلی سر۔ ایسا عوامی رُوپ سامنے کا بہت شکریہ۔‘
جیکی خان اس بارے میں کہتی ہیں کہ ’انہوں نے نہ کرنے کو کرنے میں تبدیل کر دیا اور اپنے خوابوں کو ارادوں میں تبدیل کر دیا۔‘

شیئر: