Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیڈی ٹیچرز کلاس میں لڑپڑیں

اٹلانٹا ، جارجیا - - - - - - قریبی نواحی علاقے میں واقع اسٹون ماؤنٹین مڈل اسکول میں عملے کے ارکان کے درمیان لڑائی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ہے۔ اس موقع کے حوالے سے جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس میں اسکول کی 2لیڈی ٹیچرز ایک دوسرے سے لڑتی جھگڑتی او رمارپیٹ کرتی نظر آرہی ہیں جبکہ کلاس میں موجود بچے اپنی ٹیچروں کو خلاف توقع لڑتے ہوئے دیکھ کر چیخنے چلانے لگتے ہیں اور کئی بچے کلاس سے بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ دونوں لیڈی ٹیچروں کی لڑائی اس وقت تک جاری رہی جب تک عملے کا ایک دوسرا رکن وہاں نہیں پہنچا اور اس نے بیچ بچاؤ کی کوشش نہیں کی۔ بعد میں انتظامیہ نے پولیس کو طلب کیا جس نے فوری طور پر دونوں لیڈی ٹیچرز کو گرفتار کرلیا۔ دونوں کو اسکول نے فوری طور پر معطل بھی کردیا ہے۔ اس موقع کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس میں دونوں خواتین نے ایک دوسرے کو زور دار گھونسے رسید کئے لاتیں ماریں اور دھکے بھی دیئے۔ کچھ لوگ دور سے یہ تماشا دیکھتے رہے مگر طلباء بھاگ کھڑے ہوئے۔ کہا جاتا ہے کہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب ایک خاتون نے دوسری کی طرف ایک میز کھسکادی جس سے اسے معمولی چوٹ آئی مگر وہ عورت بھی لڑنے پر تلی ہوئی تھی اسلئے اس نے چھوٹی سی بات کو نظر انداز کرنے کے بجائے باقاعدہ لڑنے کی ٹھانی اور دنگا شروع ہوگیا۔لڑائی کے دوران ایک مرحلہ ایسا بھی آیا جب بچے اپنی ٹیچر وں کو لڑائی ختم کرانے انکے پاس پہنچے مگر دونوں ٹیچروں نے بچوں کی ایک نہ سنی اور انہیں بھی دھکا دیکر الگ کردیا۔ انتظامیہ نے لڑنے والی دونوں ٹیچروں کا نام ظاہر نہیں کیا ہے تاہم یہ بات یقین سے کہی جارہی ہے کہ معاملہ وزارت تعلیم تک جائیگا۔اسکول انتظامیہ واقعہ کے اصل محرکات کیلئے چھان بین کررہی ہے۔

شیئر: