Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرے میچ میں امارات کے ہاتھوں شکست کے باوجود نیوزی لینڈ کی سیریز میں کامیابی

اماراتی ٹیم کی جانب سے جنید صدیق نے ویل ینگ اور چیپمین کو آؤٹ کیا اور 26 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ نے اتوار کو کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں متحدہ عرب امارات کو ہرا کر سیریز دو ایک سے جیت لی۔
سنیچر کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں امارات کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی مضبوط سائیڈ کو اپ سیٹ شکست دے کر کیویز کے خلاف ٹی 20 میں پہلی فتح اپنے نام کر لی تھی۔
سنیچر کو نیوزی لینڈ کو شکست دے کر دنیا کو حیران کر دینے والی اماراتی ٹیم اتوار کو کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سات وکٹوؓں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی۔
167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امارات کی پانچ وکٹیں 35 رنز پر گر گئی۔ اس وقت دوسرے میچ میں یو اے ای کے تاریخ ساز فتح کے ہیرو ایان افضل خان نے 36 گیندوں پر 42 رنز بناکر مزاحمت کی کوشش کی۔ تاہم رن ریٹ امارات کی ٹیم کے لیے بہت بھاری ثابت ہوا اور مقررہ 20 اوورز میں یو اے ای سات وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر بین لیسٹر نے 35 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی۔
اس سے قبل جب امارات کی ٹیم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ویل ینگ کے 56 اور مارک چیپمین کے 51 رنز کی بدولت کیویز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
اماراتی ٹیم کی جانب سے جنید صدیق نے ویل ینگ اور چیپمین کو آؤٹ کیا اور 26 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی۔

شیئر: