Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ کے ٹکٹ میں 50 فیصد تک کمی، پاکستان سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

یہ پروموشن پیکج یکم ستمبر سے 30 نومبر تک کے لیے رکھا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے سعودی عرب سفر کرنے والوں کرنے والوں کے لیے اچھی خبریہ ہے کہ سعودی عرب کی ایئرلائن ’السعودیہ‘ نے اپنے کرایوں میں 50 فیصد تک کی کمی کا اعلان کیا ہے جس سے عمرہ زائرین سمیت کام کے لیے سعودی عرب جانے والے سستے داموں ٹکٹ خرید کر سفر کرسکیں گے۔
پاکستان میں کام کرنے والے ٹریول ایجنٹس کے مطابق عمرہ کی ادائیگی سمیت دیگر امور کے لیے سعودی عرب سفر کرنے والوں کی تعداد میں ایک ہفتے سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ ہوائی سفر کے کرائے میں نمایاں کمی ہے۔
سعودی ایئرلائن السعودیہ کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی پریس ریلز میں بتایا گیا ہے کہ ایئرلائن نے دنیا بھر سے سعودی عرب سفر کرنے والوں کے لیے کرائے میں 50 فیصد تک کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ پروموشن پیکج یکم ستمبر سے 30 نومبر تک کے لیے رکھا گیا ہے اور اس دوران بزنس اور اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے دنیا بھر کے مسافر اس پروموشن سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
کراچی کےرہائشی فرحان محمود کے مطابق انہوں نے اپنے والدین کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے ایک لاکھ 78 ہزار روپے میں پیکج بک کروایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رواں برس کے آغاز پر والدین کے ساتھ عمرہ پر جانے کا ارادہ کیا تھا۔ ٹریول ایجنٹ نے پہلے 2 لاکھ 40 ہزار روپے کا پیکج بتایا تھا، لیکن کچھ پیسوں کی کمی کی وجہ سے عمرہ ادائیگی کے لیے نہیں جاسکے تھے۔ رواں ماہ  ٹریول ایجنٹ نے کال کی اور بتایا کہ سعودی ایئرلائن نے ٹکٹ سستا کرنے کا اعلان کیا ہے اگر عمرہ ادا کرنے کا پروگرام ہے تو اس پروموشن سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹریول ایجنٹ کی کال کے فوراً بعد ہم نے پاسپورٹ سمیت تمام ضروری دستاویزات مکمل کیے اور ایجنٹ کے پاس جمع کروا دیے۔ اب ہمارے ویزہ سمیت تمام سفری دستاویزات مکمل کر لیے گئے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں ہم عمرہ ادا کرنے جا رہے ہیں۔‘
پاکستان میں حج و عمرہ پر بھیجنے کا کام کرنے والے ٹریول ایجنٹ خلیل احمد ناصر نے اردو نیوز کو بتایا کہ رواں ماہ اگست کی 18 تاریخ سے عمرہ پیکج کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے۔ ملک بھر سے عمرے پر جانے والے افراد کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ سعودی ایئرلائن کے پروموشن پیکج سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کم پیسوں میں عمرے کی ادائیگی کر لی جائے۔

پاکستان سے عام طور عمرہ بکنگ کا پیکج دو لاکھ 40 ہزار سے تین لاکھ 50 ہزار تک بُک ہو رہا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان سے عام طور عمرہ بکنگ کا پیکج دو لاکھ 40 ہزار سے تین لاکھ 50 ہزار تک بُک ہو رہا تھا۔ اس میں بڑی رقم ایئرلائن کے ٹکٹ کی مد میں جاتی ہے۔ تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کا اکانومی کلاس کا ٹکٹ ہونے کی وجہ سے عمرہ پیکج مہنگا ہوا ہے۔‘
’اس میں ایک وجہ پاکستانی روپے کی بے قدری بھی ہے کیونکہ بیرون ممالک میں ادائیگی ڈالر کی مد کی جاتی ہے اور ڈالر کا ریٹ بڑھنے کی وجہ سے پاکستان سے بیرون ممالک سفر کرنے والوں کو یہ ڈالر ریٹ کے حساب سے پیسے دینے پڑھتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اب سعودی ایئرلائن نے دنیا بھر سے سعودی عرب سفر کرنے والوں کو پچاس فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پاکستان میں ڈیڑھ لاکھ میں ملنا والا ٹکٹ اب تقریباً 80 سے 90 ہزار روپے میں مل رہا ہے اور لوگ کوشش کر رہے ہیں کہ اس دوران سفر کرکے اس آفر سے فائدہ اٹھا سکیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ پہلے مہینے میں تقریباً 40 سے 50 افراد کی درخواستیں موصول ہوتی تھی، لیکن اس مہینے میں 18 اگست سے اب تک 27 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

شیئر: