سعودی عرب نے سرحد عبور کرنے والے تارکین پر حملوں سے متعلق الزامات کی تردید کر دی
سرکاری ذرائع نے کہا کہ ’یہ دعویٰ بے بنیاد اور ناقابل اعتبار ذرائع پر مبنی ہیں۔‘ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب نے جمعرات کو ایک تنظیم کی جانب سے ایک رپورٹ میں لگائے گئے ان الزامات کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ یمن سے مملکت میں داخل ہونے کے دوران ایتھوپیا کے تارکین وطن پر حملہ کیا گیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سرکاری ذرائع نے کہا کہ ’یہ دعویٰ بے بنیاد اور ناقابل اعتبار ذرائع پر مبنی ہیں۔‘
ذرائع نے کہا کہ ’مملکت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کے پابند ہیں۔ سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو انسانی خدمات فراہم کی جاتی ہیں اور ان کے ساتھ بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کے مطابق برتاؤ کیا جاتا ہے۔‘
ذرائع نے مملکت کے بارے میں بعض تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے جھوٹے الزامات اور میڈیا میں بدنیتی پر مبنی سیاسی اور گمراہ کن رپورٹس کی اشاعت اور تشہیر کی مذمت کی۔
ذرائع نے کہا کہ ’جن لوگوں پر مسلح گروپس نے فائرنگ کی اور ان کو سرحد کے اندر طاقت کے ذریعے داخل ہونے پر مجبور کیا۔ انہیں طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں