نیٹ فلکس پر پہلی پاکستانی سیریز اور یوٹیوبر نادر علی کی مشکلات
نیٹ فلکس پر پہلی پاکستانی سیریز اور یوٹیوبر نادر علی کی مشکلات
ہفتہ 26 اگست 2023 11:43
قیصر کامران۔ کراچی
نادر علی اور معمر رانا کو اداکارہ کی شکل و صورت پر تبصرہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انسٹاگرام نادر علی
ایک وقت تھا جب ٹی وی چینلز ریٹنگ کے حصول کی جدوجہد میں لگے رہتے تھے تاہم اب اس ریس میں یوٹیوبر بھی شامل ہوگئے اور یوں تنقید کے بادل ٹی وی چینلز کے بجائے یوٹیوبرز کی طرف مڑ گئے ہیں۔
گزشتہ کئی ماہ سے یوٹیوبر نادر علی کو اپنے پوڈ کاسٹ میں ویوز کی خاطر معروف شخصیات کے حوالے سے تضحیک آمیز سوالات پوچھنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حال ہی میں پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں نادر نے اداکار سے پاکستانی اور ہندوستانی اداکاراؤں کی خوبصورتی سے متعلق کچھ سوالات کیے تاہم جواب میں معمر رانا نے بالی ووڈ اداکارہ کے حوالے سے کہا کہ بغیر میک آپ پریانکا کو پہچانا مشکل ہوگیا تھا جس کے بعد نادر علی نے بھارتی اداکارہ کے رنگ روپ سے متعلق متنازع گفتگو کی تو سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے یوٹیوبر کو تنقید کا نشانہ بنایا تو میزبان و ماڈل متھیرا نے بھی اداکار معمر رانا کو پریانکا چوپڑا سے متعلق بیان دینے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کیسے کسی کے رنگ روپ پر تبصرہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوسٹ کو شرم آنی چاہیے کیونکہ ہم باحیثیت معاشرہ گورے رنگ کو بہتر بنا کے پیش کرتے ہیں۔
متھیرا کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز معمر رانا اپنے شوہر کا دفاع کرنے میدان میں آ گئیں اور اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ہمیشہ کی طرح یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے جتنا بڑا اسے بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے شوہر کا دفاع کرتے ہوئے اصل ذمہ دار میزبان کو ٹھہرا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میزبان کی کوششوں کے باوجود معمر نے بالی ووڈ اداکارہ کی رنگت کے حوالے سے تبصرہ نہیں کیا۔
تاہم معاملہ یہاں پر بھی ختم نہیں ہوا۔ اداکارہ ژالے سرحدی نے جہاں اس پوڈ کاسٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں نتاشا حسین نے کہا کہ نادر علی کو میزبانی سیکھنے کی ضرورت ہے۔
اداکارہ فائزہ نے بھی نادر علی کے شو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان چاند پر پہنچ گیا ہے اور ہم آج بھی کالے گورے رنگ میں پھنسے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے کبھی بھی کسی بالی ووڈ فنکار کو پاکستانی شخصیت کے حوالے سے گفتگو کرتے نہیں دیکھا۔ دوسروں کو عزت دیں اور خود بھی عزت کمائیں، ویوز تو آنے جانے والی چیز ہے۔‘
پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس اوریجنل سیریز
گزشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی ویب سیریز میں مشہور پاکستانی اداکار فواد خان جلوہ گر ہوں گے اور یہ سیریز فرحت اشتیاق کے ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی کہانی پر مبنی ہے۔
تاہم رواں ہفتے ایک امریکی میگزین نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اس سیریز کی مزید کاسٹ پر سے پردہ اٹھا دیا۔
بتایا گیا ہے کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے نام سے بنائی جانے والی ویب سیریز میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، ہانیہ عامر، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا، اقرا عزیز اور ثمینہ احمد کو کاسٹ کر لیا گیا۔
اس ناول کی کہانی سکندر نامی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو معروف ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہوتا ہے مگر اس کی زندگی میں کئی منفرد موڑ آتے ہیں اور ان کی زندگی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب یورپی ملک اٹلی میں ان کی ملاقات لیزا نامی ایک آرٹسٹ سے ہوتی ہے، جن کا ماضی انتہائی درد ناک ہوتا ہے۔
بڑے بجٹ بڑی کاسٹ کے ساتھ بنائی جانے والی یہ سیریز عوام میں کتنی مقبول ہوگی یہ تو وقت ہی ثابت کرے گا البتہ شائقین کچھ اچھے کی امید یوں کرسکتے ہیں کہ ماہرہ اور فواد خان جب جب ایک ساتھ سکرین پر آئے خوب مقبول ہوئے چاہے وہ ڈرامہ ہمسفر یو یا گزشتہ برس ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ ہو۔
تاہم اگر پاکستان میں نیٹ فلکس کی بات کریں تو بیشتر پاکستانی صارفین نیٹ فلکس اس لیے دیکھتے ہیں کیونکہ وہ سینما میں ریلیز ہونے والی فلموں سے کچھ ہٹ کر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس بات کا اندازہ اس سے لگائیں کہ ان دنوں پاکستان میں نیٹ فلکس پر ٹرینڈ کرنے والی ویب سیریز میں گنز اینڈ گلاب نمبر ون پر ہے جبکہ ڈیپ بمقابلہ ہرڈ دوسرے اور ماسک گرل تیسرے نمبر پر ہیں۔
چھوٹے سے گاؤں کی ریشتینا اور جدوجہد کرنے والی رضیہ
ماضی میں ہمسفر، پری زاد، اور دل مضطر جیسے مقبول ترین پاکستانی ڈرامے ٹی وی سکرین پر پیش کرنے والے ہدایتکار شہزاد کشمیری کا نیا ڈرامہ ’نوروز‘ ان دنوں عوام میں خوب پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔
اس کی کہانی ایک چھوٹے سے گاؤں کی لڑکی اور اس کے بڑے شہر کے سفر پر مرکوز ہے۔ اس لڑکی (ریشتینا) کو بیس سال تک اس کے والدین نے دنیا سے چھپا کر رکھا اور اس کی دنیا محض ایک تہہ خانے تک محدود تھی، وہی اُس کی کُل کائنات تھی۔
ڈرامے میں ریشتینا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ماورا حسین نے حال ہی میں انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اس ڈرامے میں کچھ ایسے حیران کن سینز میں اداکاری کی جو ان کے لیے کافی مشکل ثابت ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں ایک تہہ خانے میں کچھ سین کیے، تہہ خانے میں سوئی وہ میرے لیے جذباتی طور پر کافی مشکل تھے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک سین میں کوڑے دان میں بیٹھی تھی جو بے حد مشکل تھا اور حیران اس بات پر تھی کہ لوگ سچ میں اس جگہ پر بیٹھتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں۔
اس ڈرامے سے جہاں ماورا حسین نے سکرین پر واپسی کی ہے وہیں ڈرامہ رضیہ سے کافی عرصے بعد ماہرہ خان چھوٹی سکرین پر نظر آنے کے لیے تیار ہیں۔
ڈرامے کے حوالے سے اداکارہ ماہرہ خان کہتی ہیں کہ جب میں نے کہانی سنی تو میں نے فوراً دل سے ہاں کر دی، اس کہانی کا حصہ بننے کے لیے شکر گزار ہوں۔
ماہرہ کا مزید کہنا تھا کہ ہر وہ عورت جس کو میں جانتی ہوں وہ رضیہ ہے، رضیہ جیسی دکھتی ہیں یا رضیہ سے ملی ہوں، یہ کہانی ہم سب کے لیے ہے، جو ہماری نمائندگی کرتی ہے۔
اگر ڈرامے کے ٹریلر سے اندازہ لگائیں تو رضیہ ایسے خواتین کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جہاں عورتوں کو جبر اور دباؤ میں رکھا جاتا ہے۔
ٹورنٹو فلم فیسٹیول اور پاکستانی موسیقی کی دھوم
رواں ہفتے یہ خبر سامنے آئی کہ پاکستانی اور کینیڈین فنکاروں کی مشترکہ فلم ’دی کوئین آف مائے ڈریمز‘ کا ڈیبیو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے موقع پر 8 ستمبر 2023 کو ہوگا۔
اس فلم کی کہانی ایک پاکستانی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو ٹورنٹو میں رہائش پذیر ہے تاہم پاکستانی دورے کے دوران اس کے والد کی ناگہانی موت اسے یادوں اور حقیقت کے درمیان ایک نئے سفر پر لے جاتی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں امرت کور، نمرہ بُچا، حمزہ حق، گل رعنا، علی کاظمی، مہر جعفری اور دیگر شامل ہیں۔
آخر میں موسیقی کی بات کریں تو کوک سٹوڈیو میں پسوڑی گانے سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ شے گل نے کوک سٹوڈیو انٹرنیشنل کے بینر تلے پہلا سولو اردو گانا ’میرا سویرا‘ ریلیز کر دیا ہے۔
دوسری جانب ’کہانی سنو‘ گانے سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے گلوکار کیفی خلیل ان دنوں امریکہ میں اپنی آواز کا جادو دکھا رہے ہیں جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔