Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا اداکارہ ماہرہ خان اپنے قریبی دوست سے شادی کر رہی ہیں؟

نجیبہ فیض کے ساتھ تصاویر شیئر کرنے پر اداکار فیروز خان افواہوں کا شکار ہوئے۔ فوٹو: نجیبہ فیض انسٹاگرام
پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اور آئے دن تنازعوں کا شکار ہونے والی اداکارہ علیزے شاہ ایک بار پھر مشکلات کا سامنا کرتی نظر آ رہی ہیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ منسا ملک نے ساتھی اداکارہ علیزے شاہ پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔
منسا ملک کے مطابق وہ دیگر اداکاروں کے ہمراہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں موجود تھیں جہاں علیزے شاہ نے سیٹ پر موجود تمام افراد کے سامنے اُن پر ’جلتا ہوا سگریٹ پھینکا اور جوتوں کے ساتھ مارا‘ جس کے بعد انہوں نے بہت مشکل سے اپنی جان بچائی۔
معاملے پر ایک دن چپ رہنے کے بعد اداکارہ علیزے شاہ نے خاموشی توڑتے ہوئے بلاگر عائشہ جہانگیر کی انسٹاگرام سٹوری کو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کہانی کا دوسرا رخ پیش کیا اور ساتھ یہ لکھا کہ ’سچ کبھی چُھپتا نہیں۔‘
عائشہ جہانگیر نے اپنی سٹوری پر عینی شاہد کا نام لیے بغیر بتایا تھا کہ سیٹ پر موجود عینی شاہد کے مطابق اداکارہ علیزے شاہ نے نہیں بلکہ ساتھی اداکارہ منسا ملک نے سب سے پہلے انہیں تھپڑ مارا جس کے بعد جھگڑا طول پکڑ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیٹ پر موجود تمام عملہ اور ساتھی فنکار علیزے شاہ کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ یہ واقعہ شام کے تقریباً 6 بجے کے آس پاس پیش آیا تھا اور علیزے اپنی شوٹنگ مکمل ہونے تک، رات 12 بجے تک سیٹ پر موجود رہیں، اس کے باوجود ان کی سب کے سامنے تذلیل کی گئی۔ یہ ہی ان کے پروفیشنل ہونے کا ثبوت ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیتے ہوئے مزید لکھا کہ میرا مشورہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ آپ لوگ دیکھتے ہیں اس پر اس وقت تک یقین نہ کریں جب تک آپ دوسرے کا موقف نہ جان لیں۔

ماہرہ خان کی شادی کی افواہیں

رواں ہفتے یہ افواہیں وائرل ہوئیں کہ سُپر سٹار ماہرہ خان رواں برس ستمبر کے مہینے میں اپنے قریبی دوست سلیم کریم سے شادی کرنے جا رہی ہیں بلکہ یہاں تک دعوی کیا گیا کہ اس شادی میں صرف قریبی دوست اور اہل خانہ ہی شرکت کریں گے اور اسے مکمل راز رکھا جائے گا۔
اس حوالے سے اداکارہ کی جانب سے تو کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی بلکہ نجی چینل سے گفتگو میں ماہرہ خان کی مینیجر نے اداکارہ کی شادی کی خبروں کو صحافتی اقدار کے خلاف قرار دیا۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان کے نامور گلوکار علی سیٹھی نے اپنے دوست سے ’گے میرج‘ (ہم جنس شادی) کر لی ہے جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اداکار فیروز خان نے اپنے حوالے سے افواہوں پر وضاحت جاری کی۔ فوٹو: فیروز خان انسٹاگرام

بعد ازاں علی سیٹھی نے شادی کی خبروں پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اعلان کیا کہ انہوں نے شادی نہیں کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے شادی نہیں کی اور انہیں یہ علم بھی نہیں کہ یہ افواہیں کس نے پھیلائی ہیں۔
حال ہی میں اداکار فیروز خان بھی اس وقت افواہوں کا شکار ہوئے جب انہوں نے افغان نژاد پاکستانی اداکارہ و ماڈل نجیبہ فیض کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔
دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں ایک ہفتے تک وائرل رہیں بات یہاں تک پہنچی کہ فیروز خان کو وضاحت دینا پڑی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ دو لوگ مختلف رشتوں اور طریقوں سے جڑ سکتے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ لوگ ایک دوسرے کا نام خراب کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے نجیبہ فیض کا نام لیے بغیر کہا کہ دو لوگ دوست ہو سکتے ہیں، دو لوگوں کا کام کے حوالے سے بھی رشتہ ہو سکتا ہے، ایک دوسرے کے جذبات اور احساسات شیئر کر کے بھی جڑ سکتے ہیں یا اس کے علاوہ کسی بھی طریقے سے دو لوگ آپس میں مل سکتے ہیں۔
بعد ازاں نجیبہ فیض نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ  اگر فیروز خان یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ آخر کار انہیں اپنی خوابوں کی لڑکی مل گئی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ میں (نجیبہ فیض) تھی۔ لہٰذا بغیر تصدیق کے ایسی باتیں نہ کریں جو انتہائی قابل مذمت اور غیراخلاقی ہیں۔
نجیبہ فیض نے بھی وضاحت کی تھی کہ ان کے اور اداکار کے درمیان تعلق سے متعلق غلط باتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

فنکاروں کے اعزازات

یوم آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ آئندہ برس 23 مارچ کے موقع پاکستان شوبز مشہور اداکارہ سجل علی، اداکارہ و میزبان جگن کاظم، عدنان صدیقی، واسع چوہدری، سرمد کھوسٹ اور اداکار عجب گل کو  تمغۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

علی سیٹھی کو اپنی شادی کے حوالے سے افواہوں پر وضاحت جاری کرنا پڑی۔ فوٹو: علی سیٹھی انسٹاگرام

تاہم سجل علی کے حوالے سے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ہرفن مولا اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا کہ میں سجل کی اداکاری کو دیکھ کر خوب محظوظ ہوتی ہوں ، وہ ایک ذہین اداکارہ ہیں جبکہ ان کی جذباتی ذہانت کمال کی ہے جسے دیکھ کر لطف آ جاتا ہے۔
اسی طرح صدر مملکت عارف علوی نے 23 مارچ 2023 کو گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ عروج آفتاب کو پرائڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا اور انہیں 14 اگست کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں منعقد تقریب میں ایوارڈ دیا گیا۔
جبکہ تازہ اعلان کے مطابق آئندہ برس موسیقی کے شعبے میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے گلوکار راحت فتح علی خان، مرحوم عنایت حسین بھٹی، گلوکار فاخر محمود، شازیہ منظور، مائی ڈھائی اور عبدالبتین فاروقی سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
فلمسازی کی دنیا میں اپنی بلاک بسٹر فلم "دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ" کے ہدایتکار بلال لاشاری کو بھی سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں ریلیز ہونے والی بلال لاشاری کی دی لیجنڈ آف مولا جٹ اب تک 400 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے اور تقریبا ایک سال کے عرصے کے باوجود ابھی بھی بعض سینما گھروں میں یہ فلم نمائش کے لیے لگی ہے۔
جس طرح اس فلم نے کامیابی اپنے نام کی ایسا شاید ہی کسی سے نےسوچا ہو گا کیونکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ خود فلم بنانے والے کو نہیں پتہ ہوتا کہ فلم کامیاب ہوگی یا نہیں۔
جیسا کہ سینیئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں بتایا کہ 1972 میں ان کی پہلی فلم ’دھماکہ‘ شبنم کے ساتھ ریلیز ہوئی تو وہ انتہائی بری طرح فلاپ اور دیکھنے والے فلم کی کاسٹ کو ڈھونڈتے رہے کہ اداکار کہیں مل جائیں تو ان پر ہاتھ صاف کریں
انہوں نے بتایا کہ پہلی ہی فلم کی ناکامی پر والد نے انہیں سختی سے منع کردیا کہ اب وہ اداکاری نہیں کریں گے لیکن اس باوجود وہ چھپ چھپ کر کام کرتے رہے اور فلم کی ناکامی کے 10 سال بعد ’ان کہی‘ ڈرامے کی کامیابی نے ان کی جان بچائی اور انہیں شہرت و عزت ملی۔
نیٹ فلکس
عالیہ بھٹ نے باقی انڈین اداکاراؤں کی طرح سائنس فکشن فلم ہارٹ آف سٹون کے ذریعے ہالی ووڈ میں قدم رکھا ہے۔
فلم کی کہانی میں کمپیوٹر اور سائبر کرائمز کو موضوع بنایا گیا ہے جبکہ نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی اس فلم میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے دنیا کو ختم کرنے والی طاقتوں کو دیکھایا گیا ہے۔
نیٹ فلکس کے حوالے سے یہ بھی بتائیں کہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے پہلی بار اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب کی پہلی اوریجنل ویب سیریز تیار کرلی جسے آئندہ ماہ ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔
پہلی سعودی ویب سیریز ’بیت طاہر‘ کا ٹریلر بھی جاری کردیا کیا گیا ہے جس میں ایک ہی خاندان کے افراد کو اپنا کاروبار آگے بڑھانے کے لیے مشکلات کا شکار دکھایا گیا ہے۔

شیئر: