ریاض..... ریاض جیل کے قیدیوں کی تعداد4900ہے جن میں سے 45فیصد غیرملکی ہیں۔ بیشتر قیدی منشیات اور چوری کے جرائم میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ یہ بات محکمہ جیل خانہ جیل کے ترجمان بریگیڈیئر ایوب بن نحیت نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں تمام قیدیوں کو بنیادی حقوق کے علاوہ تمام سہولتیں فراہم ہیں ۔ اس میں کسی کو استثنی نہیں دیا جاتاہے نہ کسی سے امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ 800قیدی ایسے ہیں جو اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ دیگر ایسے ہیں جو کوئی نہ کوئی ہنر سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات نے مختلف اداروں کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے جس کے مطابق قیدی کو دوران قید اور رہائی کے بعد ملازمت دی جائے گی۔ ہنر سیکھنے اور قرآن مجید حفظ کرنے والے قیدیوں کو ماہانہ بونس کے علاوہ ہر ڈگری پر قید کی مدت میں 5فیصد کمی کی جاتی ہے۔ اس طرح اچھے اخلاق اور کردار کا مظاہرہ کرنے پر ایک چوتھائی مدت معاف کردی جاتی ہے۔