Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نیشنل آرکسٹرا کی نیویارک میں شاندار اوپیرا پرفارمنس

سعودی اوپیرا گلوکارہ ریماز عقبی نےعالمی شہرت یافتہ اوپیرا گانے کے ساتھ پرفارم کیا۔ فوٹو ٹوئٹر
سعودی نیشنل آرکسٹرا اور کوئر نے گذشتہ روز اتوار کو نیویارک شہر کے عالمی شہرت یافتہ میٹروپولیٹن اوپیرا ہاؤس میں شاندار پرفارم کیا۔
عرب نیوز کے مطابق امریکہ میں سعودی نیشنل آرکسٹرا کا مارولز آف سعودی آرکسٹرا  کنسرٹ، سعودی تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس کمیشن، سعودی میوزک کمیشن، میٹروپولیٹن اوپیرا  اور  مملکت کی  وزارت ثقافت کے مشترکہ تعاون سے پہلا پروگرام تھا۔

گلوکاروں اور فنکاروں نے دیدہ زیب روایتی سعودی لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

نیویارک میٹروپولیٹن اوپیرا کے جنرل منیجر پیٹر گیلب نے تقریب میں اپنی افتتاحی تقریر میں  اس فن  کے بارے میں اظہار خیال کیا۔
کنسرٹ میں مملکت کے بھرپور ثقافتی اور میوزیکل ورثے کی نمائش کی گئی، جس کا آغاز استاد ریاب احمد کی قیادت میں عرب لوک گیتوں کی  سیریز سے ہوا۔
موسیقاروں کے ایک بڑے آرکسٹرا نے جدید اور روایتی عرب آلات موسیقی عود اور بانسری بجاتے ہوئے اپنی فنی مہارت کا ثبوت دیا۔

نیویارک میٹروپولیٹن اوپیرا کے جنرل منیجر نے فن  کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ فوٹو ٹوئٹر

سٹیج پر آنے والے فنکاروں نے روایتی سعودی لباس زیب تن کر رکھا تھا جب کہ خاتون گلوکار جامنی رنگ کے دیدہ زیب لباس میں ملبوس تھیں۔
ہر گانے میں مختلف قسم کی روایتی سعودی موسیقی پیش کی گئی اس کے علاوہ میوزک پروگرام میں مختلف فنون سامری، مجرور، ربش، الخطوا اور لیوا شامل تھے۔
کنسرٹ کا پہلا سیشن فرینک سنترا کے معروف کلاسک امریکی گانے 'فلائی می ٹو دی مون' کے عربی ورژن کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
افتتاحی سیشن کے بعد سعودی اوپیرا گلوکارہ ریماز عقبی نے عالمی شہرت یافتہ اوپیرا کارمین کے 'حبانیرا' کے گانے کے ساتھ سٹیج پر اپنے فن کا اظہار کیا۔
سعودی موسیقاروں اور ڈیزی گلیسپی آل سٹارز کی طرف سے گائے جانے والے مشرقی-مغرب، جاز-عربی فیوژن انسٹرومینٹل گانے کے بعد سیکسو فونسٹ ٹم ریز نے دونوں کے درمیان تعاون کی تعریف کی۔

سعودی اوپیرا موسیقاروں کا امریکہ میں پرفارم کا یہ پہلا موقع ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

کنسرٹ کا اختتام سعودی نیشنل آرکسٹرا اور ڈیزی گلیسپی آل اسٹارز کے ایک ساتھ گائے جانے والے مقبول سعودی گانوں کے ساتھ ہوا جس کا اختتام عباس ابراہیم کے 'دی رینیوئر' کے معروف گانے سے ہوا۔
سعودی وزارت ثقافت کی جانب سے شروع کیے گئے سعودی نیشنل آرکسٹرا اینڈ کوئر پروگرام کی یہ سیریز ہے جو سعودی وژن 2030 کے ثقافتی ورثے پر مبنی اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
سعودی اوپیرا موسیقاروں کا امریکہ میں پرفارم کرنے کا یہ پہلا موقع ہے جب کہ اس سے قبل انہوں نے ریاض، جدہ، پیرس، میکسیکو اور اردن میں اپنے خاص فن کا مظاہرہ کیا ہے۔
 

شیئر: