Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی کی صدر عارف علوی سے ملاقات

 سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے پاکستان کے آرمی چیف سے بھی ملاقات کی (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان اور سعودی عرب نے تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
 سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے جمعہ کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر فیاض بن حامد الرویلی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شروع سے ہی مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات ہیں۔‘
’سعودی عرب کا وژن 2030 پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ اسلامی دنیا میں بھی خوش حالی لائے گا۔‘
سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ ’سعودی عرب نے پاکستان کو معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ مالی مدد فراہم کی۔‘
’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دونوں برادر ممالک مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات کے حامل ہیں اور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ان کے خیالات مشترک ہیں۔‘
صدر پاکستان نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے دوطرفہ اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

شیئر: