Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی طرف سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت

امارات ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مستقل طور پر مسترد کرتا ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والے دو دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام  کے مطاابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ’ امارات ان مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مستقل طور پر مسترد کرتا ہے جس کا مقصد انسانی اقدار اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے‘۔
وزارت نے پاکستانی حکومت، دوست پاکستانی عوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں جمعے کو مستونگ اور ہنگو میں خودکش حملوں میں 57 افراد ہلاک اور 92 زخمی ہوئے ہیں۔
جمعے کو صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے لیے جمع ہونے والے افراد کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں کم از کم 52 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں پانچ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ مسجد میں جمعے کے خطبے کے دوران ہوا جس سے مسجد منہدم ہو گئی۔ اس وقت مسجد میں 30 سے 40 کے لگ بھگ نمازی موجود تھے۔

شیئر: