حوثیوں کی ریلیوں میں شرکت نہ کرنے والے سکولوں کو بند کرنے کی دھمکی
حوثیوں کی ریلیوں میں شرکت نہ کرنے والے سکولوں کو بند کرنے کی دھمکی
ہفتہ 14 نومبر 2026 13:03
صنعا پر قبضے کے بعد سے حوثی نصاب میں تبدیلیاں کر چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں نے درجنوں نجی سکولوں کو جرمانوں اور بندش کی دھمکیاں دی ہیں کیونکہ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کو کلاسوں سے نکال کر حوثی رہنما عبدالملک الحوثی کی حمایت اور مختلف محاذوں پر جاری فوجی کارروائیوں کے حق میں ریلیوں میں شرکت کرانے سے انکار کر دیا تھا۔
سکول ذرائع نے الشرق الاوسط کو بتایا کہ حوثیوں نے صنعا اور نواحی علاقوں کے نجی سکولوں کو حکم دیا ہے کہ وہ ہفتے میں کم از کم تین طلبہ مارچ اور اجتماعات منعقد کریں۔ یہ سرگرمیاں سکولوں کے اندر اور قریبی سڑکوں پر منعقد کی جائیں گی، جس سے تدریسی اوقات متاثر ہو رہے ہیں اور تعلیمی ادارے سیاسی اور عسکری پروپیگنڈے کے مراکز بنتے جا رہے ہیں۔
صنعا پر قبضے کے بعد سے حوثی نصاب میں تبدیلیاں کر چکے ہیں اور سکولوں میں فرقہ وارانہ اور عسکری سرگرمیاں متعارف کرا چکے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ اس عمل پر پہلے ہی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں اور اسے بچوں کی نظریاتی تربیت اور عسکری بھرتی سے جوڑتے ہیں۔
صفیہ، سبعین، ازال، وحدہ اور التحریر اضلاع کے متعدد سکول منتظمین نے ان احکامات پر عمل درآمد سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین تعلیمی سرگرمیوں میں خلل پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں اور بچوں کو سکولوں سے نکالنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔
حوثیوں کی غیر تسلیم شدہ حکومت کی وزارت تعلیم نے اس کے جواب میں مختلف سزاؤں اور جرمانوں کی دھمکی دی ہے۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حالیہ ہفتوں میں یمن کے مختلف صوبوں میں فوجی کشیدگی بڑھنے کے ساتھ حوثی کنٹرول والے سکولوں میں سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد مزید نوجوانوں کو جنگی محاذوں کے لیے تیار کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق حوثیوں نے سالانہ سکول لائسنس کی تجدید کو بھی دباؤ ڈالنے کے ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ سکول انتظامیہ ان کے عسکری اور سیاسی پروگراموں پر عمل کرے۔
تعلیمی ماہرین نے کہا ہے کہ سکولوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ان سرگرمیوں نے تدریسی عمل کو شدید متاثر کیا ہے اور طلبہ کو زبردستی ان میں شریک کیا جا رہا ہے۔
ایک استاد نے کہا کہ ان اجتماعات کی وجہ سے نصاب کی تدریس متاثر ہو رہی ہے اور طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صنعا کے ایک والد نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سکول انتظامیہ نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ ان کے بچوں کی ان ریلیوں میں شرکت لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم بمشکل فیس اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات پورے کرتے ہیں، اب ہمارے بچوں کو ان سرگرمیوں کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ کل کو انہیں محاذوں پر بھیجا جا سکتا ہے۔‘
ضلع ازال کے ایک استاد نے کہا کہ ان اجتماعات کی وجہ سے نصاب کی تدریس متاثر ہو رہی ہے اور طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق جو اساتذہ طلبہ کو ریلیوں میں بھیجنے یا حوثی نعرے لگوانے سے انکار کرتے ہیں انہیں تادیبی کارروائی اور جرمانوں کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
جنگ کے دوران سرکاری تعلیمی نظام کی بدحالی اور اساتذہ کی ہڑتالوں کے باعث نجی سکولوں میں داخلوں میں اضافہ ہوا تھا، لیکن اب یہی سکول حوثیوں کے مالی دباؤ اور نظریاتی نگرانی کا سامنا کر رہے ہیں۔
حوثی کنٹرول والے علاقوں میں تعلیمی شعبے کا بحران پہلے ہی سنگین شکل اختیار کر چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
صنعا کے مرکزی علاقے التحریر میں ایک نجی سکول کے پرنسپل نے لائسنسوں کی تجدید کو دباؤ کے ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکول انتظامیہ حکومت کی دھمکیوں اور والدین کے غصے کے درمیان پھنس چکی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو سینکڑوں طلبہ کی تعلیم خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
حوثی کنٹرول والے علاقوں میں تعلیمی شعبے کا بحران پہلے ہی سنگین شکل اختیار کر چکا ہے۔ 2016 سے اب تک تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار اساتذہ اور تعلیمی ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں، حالانکہ حوثی حکام تعلیمی اداروں سے مختلف ٹیکسوں اور فیسوں کی مد میں اربوں یمنی ریال وصول کر چکے ہیں۔