Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجزیہ: حوثیوں کے پاس اب کتنے میزائل اور ڈرون باقی ہیں؟

18 دسمبر 2009 کو شمالی یمن میں حوثی جنگجوؤں نے توپ خانے سے داغے جانے والے کئی راکٹ سرحد پار سعودی عرب کی حدود میں فائر کیے۔
اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ممکن ہے کہ یہ سعودی مملکت پر حوثیوں کا سرحد پار سے کیا جانے والا پہلا راکٹ حملہ تھا۔ تاہم 17 برس بعد یہ حملہ ایسے سلسلہ وار بمباری کے آغاز کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو وقفے وقفے سے جاری رہی اور جس میں سینکڑوں بے گناہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اس عرصے کے دوران حوثیوں کے میزائلوں کے ذخیرے کی تکنیکی صلاحیت اور تباہ کن قوت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چار ماہ کے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس مسلح گروہ کے پاس اب طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز اور میزائلوں کا بڑا ذخیرہ موجود ہے جو سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حوثیوں کے حملوں کی ایک سابقہ لہر اپریل 2022 میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے بعد ختم ہوئی تھی۔ اس معاہدے میں حوثیوں اور یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے درمیان جنگ بندی طے پائی، جس کے نتیجے میں سعودی عرب پر سرحد پار حملے رک گئے تھے۔
یہ جنگ بندی جولائی 2026 میں اس وقت ٹوٹ گئی جب سعودی فضائی دفاعی نظام نے صوبہ عسیر کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب داغے گئے حوثیوں کے متعدد میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے۔
اس کے بعد بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ذریعے مزید حملے کیے گئے۔ 10 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میزائل حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔ اگلے روز ایئرپورٹ کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک اور شخص ہلاک ہو گیا۔
سعودی عرب آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو مسلسل فضا میں ہی تباہ کر رہا ہے۔ 10 نومبر کو یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اعلان کیا کہ دفاعی نظام نے مشرقی صوبے میں ایک ڈرون، ریاض کی جانب آنے والے دو میزائل اور جنوبی علاقے کی طرف بڑھنے والا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب اتحاد حوثیوں کی ابھرتی ہوئی مقامی اسلحہ سازی کی صنعت کو مفلوج کرنے کے لیے جوابی کارروائیاں بھی کر رہا ہے۔
26 اکتوبر کو اتحاد نے اعلان کیا کہ اس نے بیلسٹک میزائل داغنے والے چار لانچرز، میزائلوں کے ذخیرے کے لیے استعمال ہونے والی پانچ سرنگیں اور ایک مزید ذخیرہ گاہ تباہ کر دی ہے۔ 9 نومبر کو اس نے تین ایسی تنصیبات کی تباہی کی اطلاع دی جہاں بیلسٹک میزائلوں کے پرزے تیار اور جوڑ کر مکمل کیے جاتے تھے۔ ان میں میزائلوں کی اسمبلی کا ایک کارخانہ، ٹھوس ایندھن تیار کرنے والا کیمیائی پلانٹ اور رہنمائی کے نظام بنانے والی ایک الیکٹرانکس فیکٹری شامل تھی۔
تاہم اب بھی یہ واضح نہیں کہ اتحاد کو درپیش چیلنج کتنا بڑا ہے۔ بالخصوص یہ سوال اہم ہے کہ حوثیوں کے پاس اب کتنے میزائل باقی ہیں اور استعمال یا تباہ ہونے والے میزائلوں کی جگہ نئے میزائل تیار کرنے یا حاصل کرنے میں انہیں کتنا وقت لگتا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کے امور کی کونسل  نے 21 اکتوبر کو شائع ہونے والے اپنے ایک تجزیے میں نتیجہ اخذ کیا کہ’اب خطرے کی نوعیت سمجھنے کے لیے صرف ذخیرہ شدہ میزائلوں کی تعداد گننا کافی نہیں رہا۔ زیادہ اہم پیمانہ یہ ہے کہ حوثی اپنے نقصانات پورے کرنے اور حملوں کی رفتار بحال کرنے کی کتنی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
تجزیے میں مزید کہا گیا کہ’مؤثر جواب کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ عسکری صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دوبارہ بحال کرنے کے عمل میں بھی رکاوٹ ڈالی جائے تاکہ ہر نقصان کی تلافی میں زیادہ وقت اور لاگت آئے اور جنگ جاری رکھنے کی گروہ کی صلاحیت کو زیادہ نقصان پہنچے۔‘
شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حوثی نہ صرف طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور راکٹ خود تیار کرنے میں تقریباً خود کفیل ہوتے جا رہے ہیں بلکہ مہلک ہتھیار بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی بھی اپنا رہے ہیں۔
بغاوت کے ابتدائی دور میں حوثیوں کے سب سے طاقت ور ہتھیار سوویت دور کے راکٹ سسٹم تھے، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ یمنی سرکاری افواج سے قبضے میں لیے گئے تھے۔ ان میں 132 ملی میٹر کے ایم 13 کاتیوشا راکٹ شامل تھے، جو دوسری عالمی جنگ کے زمانے کے روسی ٹرک سے داغے جانے والے راکٹ ڈیزائن پر مبنی تھے۔ اس کے علاوہ 122 ملی میٹر کے راکٹ بھی تھے، جنہیں 1960 کی دہائی میں ایک ساتھ بڑی تعداد میں داغنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
یہ ہتھیار اگرچہ سادہ نوعیت کے اور ’ان گائیڈڈ‘ تھے لیکن پھر بھی انتہائی مہلک ثابت ہوئے۔ 28 اگست 2016 کو یمن سے داغے گئے ایک راکٹ نے سعودی عرب کے سرحدی صوبے نجران میں دو سعودی بچیوں کی جان لے لی۔ اس سے ایک روز قبل اسی نوعیت کے حملے میں پانچ سالہ ایک بچہ مارا گیاتھا۔
یہ ہلاکتیں سرحد پار سے کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی گولہ باری کے دوران ہوئیں۔ 16 اگست کو نجران میں ایک ہی حملے میں سات افراد مارے گئے تھے۔ اس دوران سعودی عرب کے ایک بجلی گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعات اس خطرے کی ابتدائی نشان دہی تھے جو بعد کے برسوں میں شدت اختیار کرنے والا تھا۔
حوثیوں کے میزائل پروگرام میں تیزی اس وقت آئی جب انہوں نے 2014 میں یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کیا اور یمنی فوج کے ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل اپنے کنٹرول میں لے لیے۔ ان میزائلوں کی مار 300 کلومیٹر سے کم تھی لیکن ایران کی مدد سے حوثیوں نے تیزی سے کہیں زیادہ جدید اور طاقت ور میزائلوں کا ذخیرہ تیار کر لیا۔
2017 تک حوثی سوویت دور کے سکڈ ڈی میزائل کے مقامی طور پر تیار کردہ ماڈل استعمال کرنے لگے تھے، جن کی مار ایک ہزار کلومیٹر تک تھی۔ 25 مارچ 2021 کو انہوں نے سعودی عرب کی سرزمین کے اندر گہرائی تک ایک غیر معمولی حملہ کیا، جس میں دھماکہ خیز مواد سے لیس 18 ڈرونز اور کم از کم آٹھ بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ان حملوں میں مشرقی صوبے کے ایسے اہداف کو نشانہ بنایا گیا جو 1,400 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر واقع تھے جبکہ بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یمن کے امور کے ماہر مائیکل نائٹس نے اپریل 2021 میں واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ پالیسی کے لیے اپنے تجزیے میں لکھا تھا کہ ’اس نوعیت کے حملے اب ہر ہفتے ہونے لگے ہیں۔ یہ یمن کے حوثی کنٹرول والے علاقوں میں میزائل اور ڈرون تیار کرنے کی ایک مستحکم صنعت کی موجودگی کی نشان دہی کرتے ہیں اور اس بات کا پیش خیمہ ہیں کہ ان ہتھیاروں کی مار مزید بڑھ سکتی ہے۔‘
2023 تک توفان بیلسٹک میزائل متعارف کرایا گیا، جو ایران کے قادر ایس میزائل سے اخذ کیا گیا تھا۔ اسی طرح فلسطین-2 میزائل بھی حوثیوں کے ہتھیاروں میں شامل ہوا، جو ایران کے خیبرشکن میزائل کی بنیاد پر تیار کیا گیا تھا۔ ان ہتھیاروں کی بدولت جزیرہ نمائے عرب کا پورا خطہ اور اسرائیل بھی حوثیوں کی میزائل مار کی حدود میں آ گئے۔
گزشتہ ماہ اسلحے کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے ادارے ’کنفلکٹ آرمامنٹ ریسرچ‘ (سی اے آر) نے یمن کے بارے میں اپنی ایک فیلڈ رپورٹ میں بتایا کہ حوثی اپنے جدید بیلسٹک میزائل خود تیار کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، یہ پیش رفت ’گروہ کے مقامی سطح پر اسلحہ سازی کے عزائم میں ایک بڑی چھلانگ کی عکاس ہے اور اس کے علاقائی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ یہ صورتِ حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حوثی سعودی عرب کے اہم بنیادی ڈھانچے کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے حملوں کی مہم تیز کر رہے ہیں۔‘
سی اے آر کے یہ نتائج یمنی حکام کی جانب سے جولائی میں عدن کی بندرگاہ پر پکڑے گئے چار بحری کنٹینرز کی جانچ پڑتال کے بعد سامنے آئے۔ یہ کنٹینرز حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں کی جانب بھیجے جا رہے تھے۔
یمن میں ایرانی ہتھیاروں کی سمگلنگ کوئی نئی بات نہیں۔ سی اے آر  کی سابقہ تحقیقات سے ظاہر ہوا تھا کہ حوثی ایران سے فراہم کردہ ایسے پرزوں کے مجموعوں کی مدد سے میزائل تیار کرتے تھے جن پر ایرانی ساختہ ہونے کے نشانات درج ہوتے تھے۔ تاہم جولائی میں پکڑی جانے والی کھیپ میں اس سے کہیں زیادہ مخصوص اور جدید نوعیت کا سازوسامان موجود تھا۔
سی اے آر کی فیلڈ ٹیم کے مطابق اس سامان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’گروہ اب خیبرشکن سیریز کے بیلسٹک میزائلوں کے کم از کم بعض حصے خود تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جن کی مار ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے۔‘
کنٹینرز میں خیبرشکن میزائل کے مختلف پرزے موجود تھے۔ ان میں مشینی عمل سے تیار کردہ دھاتی بیرونی ڈھانچے کے حصے، توازن برقرار رکھنے والے پر، ٹھوس ایندھن سے چلنے والا راکٹ انجن اور فینولک ریزن کے تھیلے شامل تھے۔ یہ ریزن آواز کی رفتار سے زیادہ تیزی سے سفر کرنے والے میزائلوں کے لیے حرارت سے بچاؤ کی تہہ تیار کرنے میں استعمال ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان پرزوں کو مقامی سطح پر میزائل تیار کرنے والی پیداواری لائن قائم کرنے کے لیے نمونے یا بنیادی خاکے کے طور پر استعمال کیا جانا تھا۔
ان کے ساتھ ایک صنعتی سٹیمپنگ پریس، حرارت سے متعلق تصاویر حاصل کرنے والا آلہ (تھرمل امیجر) اور ایک قابلِ نقل ایکسرے نظام بھی موجود تھا۔ سی اے آر کے مطابق، یہ آلات ’میزائل سازی کے عمل میں معاونت، خصوصاً معیار کی جانچ اور مختلف ذیلی پرزوں کی ساخت کو نقصان پہنچائے بغیر ان کی جانچ کے لیے‘ فراہم کیے گئے تھے۔
ایران نے خیبرشکن میزائل کی رونمائی 2022 میں کی تھی۔ ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی نے اس میزائل کے بارے میں بتایا تھا کہ اس میں ’پرواز کے آخری مرحلے میں رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جس کی مدد سے یہ میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں غیر معمولی پھرتی اور رفتار ہے اور یہ 1,450 کلومیٹر تک فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔‘
ایجنسی نے مزید کہا تھا کہ ’یہ مکمل طور پر ایرانی نظام ہے، جسے اسلامی انقلابی گارڈ کور کی ایرو سپیس فورس کے محنتی سائنس دانوں نے ابتدائی تصور سے لے کر تیار شدہ مصنوعات تک خود ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔‘
اب یہی ٹیکنالوجی اور اسے تیار کرنے کا علم حوثیوں کے ہاتھوں میں پہنچ چکا ہے۔ جیسا کہ عرب نیوز نے 15 اکتوبر کو رپورٹ کیا، سعودی عرب پر داغے جانے والے میزائلوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے مخصوص پرزے اب بھی مختلف ثالثوں کے ذریعے یمن پہنچ رہے ہیں۔ یہ پرزے عالمی سپلائی چین کے ایسے نظام سے حاصل کیے جا رہے ہیں جس کی نگرانی اور ضابطہ بندی کمزور ہے۔ ان میں ایسے ممالک سے آنے والے پرزے بھی شامل ہیں جو سعودی عرب کے دوست ہیں۔
حوثی مقامی سطح پر میزائلوں کی تیاری کو آگے بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایجنٹس سے بھی مدد لے رہے ہیں۔
ستمبر میں مصنوعی ذہانت کے نظام ’کلاڈ‘ کے خالق ادارے ’اینتھروپک‘ نے ایک تھریٹ انٹیلی جنس رپورٹ جاری کی۔ اس میں دسمبر 2025 سے اگست 2026 کے درمیان سامنے آنے والے تین واقعات کی تفصیلات بیان کی گئیں، جن میں ادارے نے ’ایسے آپریشنز کی نشان دہی کی اور انہیں ناکام بنایا جن میں خطرہ پیدا کرنے والے عناصر نے کلاڈ کو غیر قانونی اور نقصان دہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔‘
ان میں سے ایک معاملے کا تعلق شمالی یمن میں موجود خطرہ پیدا کرنے والے عناصر کے ایک گروہ سے تھا، جو ہتھیاروں کی تیاری کے تین منصوبوں پر کام کر رہا تھا۔ ان میں ایک ایسا گائیڈڈ راکٹ شامل تھا جس میں عام مارکیٹ میں دستیاب موبائل فون کی سطح کا فلائٹ کمپیوٹر استعمال کیا گیا تھا اور جو پرواز کے آخری مرحلے میں ہدف کی سمت رہنمائی حاصل کر سکتا تھا۔ دوسرا منصوبہ کئی مراحل پر مشتمل ایک بیلسٹک میزائل کی تیاری کا تھا، جس کی مطلوبہ مار 2,000 کلومیٹر سے زیادہ رکھی گئی تھی۔ تیسرا منصوبہ مختلف اقسام کے میزائلوں پر مشتمل تھا، جن میں ایک ایسا ماڈل بھی شامل تھا جو ہائپرسونک گلائیڈ وہیکل سے لیس ہونا تھا۔
اینتھروپک کے مطابق، اس گروہ نے ’پرواز کرنے والے ہتھیار کی سمت متعین کرنے، اسے راستے پر رکھنے اور مستحکم رکھنے والے سافٹ ویئر کی تیاری کے لیے انسانی سافٹ ویئر انجینئروں کی جگہ کلاڈ کے کوڈنگ نظام سے کام لیا۔‘
اینتھروپک نے تسلیم کیا کہ ’ہمارے حفاظتی نظام نے ان کی متعدد درخواستیں روک دیں، لیکن تمام درخواستوں کو روکنا ممکن نہیں ہو سکا۔‘
ادارے کے مطابق ’ان عناصر نے حفاظتی نظام سے بچنے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے۔ ان میں اپنے اصل مقاصد اور اس بات کو چھپانا بھی شامل تھا کہ تیار کیا جانے والا سافٹ ویئر کن مصنوعات میں استعمال ہونا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنا کام کئی الگ الگ سیشنز میں تقسیم کر دیا، تاکہ کسی ایک سیشن سے ان کے مجموعی ارادوں کا پتا نہ چل سکے۔‘
بیلسٹک میزائلوں کے پھیلاؤ کے خلاف قائم ’دی ہیگ کوڈ آف کنڈکٹ‘  نے مصنوعی ذہانت کے اس استعمال کے تزویراتی اثرات کا جائزہ لیا ہے۔
حوثی پہلے ہی ایسے میزائل داغ چکے ہیں جو اسرائیل کے شہر ایلات کے قریب تک پہنچے۔ ایلات حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں سے تقریباً 1,650 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ تاہم، غالب امکان ہے کہ زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کے لیے ان حملوں میں نسبتاً ہلکے اور کم وزن کے وارہیڈز استعمال کیے گئے تھے۔
دی ہیگ کوڈ آف کنڈکٹ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں نتیجہ اخذ کیا کہ’غالب امکان ہے کہ مقصد ایسا میزائل تیار کرنا ہے جس کی مار 2,000 کلومیٹر یا اس سے کچھ زیادہ ہو۔۔۔ اور جو نمایاں فوجی نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہو کیونکہ اس صورت میں اس کے وارہیڈ کا وزن کم کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘
مصنوعی ذہانت کے آلات اور یمنی فوج کے میزائل تحقیق و ترقی مرکز سے منحرف ہونے والے انجینئروں کی مدد سے حوثی اب محض میزائلوں کی تیاری تک محدود نہیں رہے۔ ان کی کوششوں کا ہدف اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے یعنی’بڑے پیمانے پر پیداوار، پابندیوں اور اسلحے کی روک تھام کے اقدامات سے بچ نکلنا اور میزائل دفاعی نظاموں کو ناکام بنانا۔‘

شیئر: