راس الخیمہ اور شارجہ میں تیل کے اخراج کے بعد بند کیے گئے ساحل دوبارہ کھول دیے گئے
بیان میں کہا گیا کہ ’متعلقہ حکام اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ریاست کے ساحل اور سمندری ماحول محفوظ ہیں۔‘ (فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کی ریاستوں راس الخیمہ اور شارجہ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ماہ خلیج میں ایک ٹینکر کو نقصان پہنچنے کے بعد ہونے والے تیل کے اخراج کے باعث بند کیے گئے متعدد ساحل دوبارہ عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق شارجہ کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا کہ متعلقہ اداروں نے تیل کے رساؤ سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پا لیا ہے جس کے بعد ساحلوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’متعلقہ حکام اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ریاست کے ساحل اور سمندری ماحول محفوظ ہیں، جس کے باعث عوام اب بحفاظت ساحلی مقامات کا رخ کر سکتے ہیں اور مختلف سمندری سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔‘
تیل کا اخراج متحدہ عرب امارات کے شمالی ساحلی علاقوں تک پھیل گیا تھا، جس کے بعد ماحولیاتی آلودگی کے خدشات کے پیشِ نظر راس الخیمہ، شارجہ اور ام القوین میں ساحل عارضی طور پر بند کر دیے گئے تھے۔
اس واقعے نے فروری سے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے آغاز کے بعد خلیج میں تجارتی جہازوں پر ہونے والے حملوں سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی خطرات کو بھی اجاگر کیا ہے۔
واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ پالیسی کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف کے سمندری علاقوں میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی تعداد تنازع شروع ہونے کے بعد سب سے زیادہ رہی۔
ایک الگ واقعے میں برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی ایمبری نے جمعرات کو بتایا کہ ایک روز قبل راس الخیمہ کے شمال مغرب میں تقریباً 14 بحری میل کے فاصلے پر ایک تجارتی جہاز کو کسی نامعلوم شے نے نشانہ بنایا تھا۔
ایمبری کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
