Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں نے عدن میں شہریوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا: یمنی فوج

ماجد النزیلی نے خبردار کیا کہ یہ حملے حکومتی فورسز کو اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے (فوٹو: عرب نیوز)
یمنی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حوثی فورسز نے جمعے کو یمن کے عبوری دارالحکومت عدن میں شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے بیلسٹک میزائل داغے۔
فوجی ترجمان ماجد النزیلی نے اس حملے کو ’سنگین کشیدگی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا ہے اور اس کے نتائج کی ذمہ داری ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے حوثیوں پر الزام لگایا کہ وہ میدان جنگ میں ناکامیوں کے بعد بار بار شہری آبادیوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں جو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کے مطابق تازہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حوثی یمن بھر میں شہریوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری افواج ’فجرِ یمن‘ آپریشن جاری رکھیں گی اور حوثی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھاتی رہیں گی، جبکہ بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں اور سرکاری اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
ماجد النزیلی نے خبردار کیا کہ یہ حملے حکومتی فورسز کو اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ’یمنی عوام اور ان کی سلامتی پر ہر حملے کے نتائج ہوں گے۔‘
یہ واقعہ عدن پر حوثیوں کے حالیہ میزائل حملوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔ یمنی حکام کے مطابق 28 اکتوبر کو عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے میزائل حملے میں متعدد شہری زخمی ہوئے تھے، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا تھا اور پروازوں کا نظام متاثر ہوا تھا۔
دوسری جانب یمن میں دوبارہ شدت اختیار کرنے والی لڑائی نے انسانی بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے جمعرات کو بتایا کہ اگست سے اب تک ملک بھر میں 3 لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
ان میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ افراد تعز گورنری میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے، جہاں جاری لڑائی کے باعث انسانی امداد کی فراہمی اور بنیادی خدمات شدید متاثر ہوئی ہیں۔

 

شیئر: