Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس آر ایم جی اور وارنر برادرز ڈسکوری نے الشرق ڈسکوری کا آغاز کر دیا

وارنر برادرز کے اشتراک سے پیش کیا جانے والا مواد الشرق ڈسکوری چینل میں پیش کیا جائے گا (فوٹو: عرب نیوز)
مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ ریجن کے سب سے بڑے میڈیا گروپ سعودی ریسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ اور وارنر برادرز ڈسکوری کے درمیان ثقافتی، تفریحی اور ڈاکومنٹری مواد کے تبادلے کا معاہدہ ہوا ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق ایس آر ایم جی اور وارنر برادرز کے اشتراک سے پیش کیا جانے والا مواد الشرق ڈسکوری چینل میں پیش کیا جائے گا۔ 
 اس مقصد کے لیے ویب سائٹ کے ساتھ ٹی وی چینل کا اجرا کیا گیا ہے جس میں دونوں کمپنیوں کے اشتراک سے عربی زبان میں اور عالمی معیار کے مطابق مواد شائع کیا جائے گا۔ 
ویب سائٹ میں وارنر برادرز کی لائبریری میں سے عالمی ایوارڈ حاصل شدہ مواد عربی ترجمہ اور ڈبنگ کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ مواد کا تعلق سائنس، انجینئرنگ، جرائم ، گاڑیوں کی دنیا اور سفر و سیاحت کے متعلق ہوگا۔ 
اس کے علاوہ لائف سٹائل، کچن اور جنگلی حیات کے متعلق اصل مواد کے ساتھ عربی ڈبنگ کے ساتھ بھی دستیاب ہوگا۔ 
ایس آر ایم جی نے یہ معاہدہ مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ ریجن میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد مواد پیش کرنے اور عرب صارفین کے شوق کو پورا کرنے کے لیے کیا ہے۔ 
معاہدے کے تحت وارنربرادرز کے پروگرامز کے علاوہ ایچ بی او کی طرف سے مشرقی وسطٰی اور شمالی افریقہ کے لیے بھی خصوصی پروگرام تیار کیے جائیں گے۔ 
ایس آر ایم جی کی ریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ عرب خطے کے 80 فیصد رہائشی عالمی معیار اور بہترین نوعیت کے مواد کے متلاشی ہیں جسے پورا کرنے کے لیے کمپنی نے ایک عالمی ادارے کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ 
ایس آر ایم جی کی سربراہ جمانا الراشد نے شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہماری تحقیق کے مطابق مشرق و سطٰی اور شمالی افریقہ میں معیاری مواد کی طلب بڑھتی جارہی ہے۔‘
’اسی طلب کو پورا کرنے کے لیے الشرق ڈسکوری کا اجرا کیا جارہا ہے، جبکہ گزشتہ ماہ الشرق ڈاکومنٹری کا اجرا کیا گیا تھا۔‘

جمانا الراشد نے کہا ہے کہ ’وارنر برادرز کے ساتھ شراکت داری ہماری امیدوں کو ظاہر کرتی ہے۔‘ (فوٹو: اباؤٹ ہر میگزین)

انہوں نے کہا کہ ’دونوں چینلز کے اجرا سے ہم نے عرب ناظرین کے لیے مکمل مواد کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے جس میں ایک طرف سیاسی، معاشی اور تاریخی ڈاکومنٹریز پیش کی جارہی ہیں اور دوسری طرف تفریحی اور معلوماتی مواد بھی مل رہا ہے۔‘
جمانا الراشد نے کہا ہے کہ ’وارنر برادرز کے ساتھ شراکت داری ہماری امیدوں کو ظاہر کرتی ہے جس میں عرب ناظرین کو اصلی مواد اور معیاری تفریحی مشاہدہ پیش کر رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ہمارا جذبہ یہیں تک نہیں بلکہ ہم اس سے کہیں آگے جانا چاہتے ہیں جس میں مقامی نوجوانوں کو بہترین مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ایس آر ایم جی نے اب تک متعدد کامیاب شراکتیں کی ہیں جن میں انڈیپنڈٹ، بلومبرگ اور بلبورڈ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے شامل ہیں۔ 

شیئر: