Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کی فلسطینی عوام پراسرائیلی جارحیت کی مذمت 

غزہ میں پانی اور بجلی بند ہے، امداد پہنچانے کےلیے راہداریاں کھولی جائیں( فوٹو،ایکس)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطینی عوام پر اسرائیل کے مسلسل جارحانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے فوری بند کرائے جائیں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق او آئی سی کی ویب سائٹ پرجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج مسلسل 6 روز سے حملے کررہی ہے جن سے 1200 فلسطینی شہید اور ہزاروں شہری زخمی ہوچکے ہیں جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔
رہائشی عمارتیں اور سول ادارے تباہ کردیے گئے۔ بنیادی ڈھانچہ، ہسپتال، سکول، عبادت گھر اور اقوام متحدہ کے اداروں کو بھی تہس نہس کردیا گیا ہے۔
غزہ کے باشندوں کو پانی اور بجلی کی ترسیل بند کردی گئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر غرب اردن کے شہروں میں جان بوجھ کر قاتلانہ وارداتیں ہورہی ہیں۔ اسی کے ساتھ مسجد اقصی پر بھی مسلسل حملے کیے جارہے ہیں۔ 
او آئی سی کامزید کہنا ہے کہ  فلسطینی عوام پر یہ اندھی جارحیت بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔ 
او آئی سی نے مذکورہ مسلسل مجرمانہ جارحیت کے سنگین نتائج کا تمام تر ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب طاقت کو فلسطینی عوام کے خلاف  جاری حملے فورا بند کرنے پر مجبور کرنے کے لیے ہنگامی مداخلت کرے۔ ادویہ، غذائی اشیا اور بنیادی ضروریات غزہ پٹی کے باشندوں تک پہنچانے کے لیے  راہداریاں کھلوائے۔ 

شیئر: