Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سوڈان میں فریقین جنگ بندی کریں‘ سعودی عرب کا مذاکرات کی بحالی کا خیرمقدم

متحارب فریق سوڈانی شہریوں کی سلامتی کا احترام بھی کریں ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے جدہ میں سوڈان کے متحارب فریقوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے جنگ بندی کی پھر اپیل کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب نے سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس سے کہا ہے کہ وہ ’گیارہ مئی 2023 کو جدہ میں طے پانے والے معاہدے کے اس نکتےسے مذاکرات شروع کریں جہاں تک فریقین  معاملات طے کرچکے تھے‘۔ 
سوڈانی شہریوں کی سلامتی کا احترام بھی کیا جائے۔ سعودی عرب نے فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کیا۔ 
سوڈان کے دونوں فریق ریاض اور واشنگٹن کی سہولت کاری اور افریقی یونین، حکومتی اتھارٹی برائے ترقیاتی عمل (ایفاد) کی شراکت سے  جدہ میں مذاکرات کے نئے دور کا آغاز کررہے ہیں۔ 
سعودی عرب نے سوڈان کے متحارب فریقوں سے کہا کہ ’وہ اتحاد قائم کریں۔ خونریزی روکنے، سوڈانی عوام کے مصائب ختم کرنے بحران سے نجات حاصل کرنے اور سیاسی معاہدے تک رسائی کے لیے لڑائی بند کریں اور حکمت و فراست سے کام لیں۔
 بیان کے مطابق’ ایک سیاسی معاہدہ جس کے تحت سوڈان اور اس کے عوام کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی حاصل کی جائے‘۔
علاوہ ازیں سوڈان میں عبوری کونسل کے نائب صدر مالک عقار نے کہا ہے کہ ’حکومت نے جنگ بند کرانے کے لیے چار مرحلوں پر مشتمل روڈ میپ پیش کیا ہے‘۔ 
یاد رہے سوڈانی فریقوں کے درمیان جون  2023 میں مذاکرات اس وقت معطل ہوگئے تھے جب سوڈانی فوج کا وفد مذاکرات چھوڑ کر چلا گیا تھا۔  

شیئر: