Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی

فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منگل کو فلسطین پر قبضے اور غزہ پر مسلسل ہلاکت خیز بمباری کے خلاف اسرائیل کے سفارت خانے کے سامنے ریلی نکالی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق احتجاجی ریلی میں سول سوسائٹی کے متعدد گروپوں جن میں نچلی سطح کے شہریوں کی بڑی اتحادی تنظیم بایان، خواتین کی انجمنیں، صحت سے متعلقہ افراد، تارکین وطن اور طلبہ نے شرکت کی۔
سینکڑوں مظاہرین نے فلسطینی جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر 'فلسطین کے لیے کھڑے ہونے کے لیے آپ کو مسلمان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کو صرف انسان بننے کی ضرورت ہے،' 'نسل کشی بند کرو' اور 'فلسطین پر اسرائیلی قبضہ اب ختم کرو' کے نعرے درج تھے۔
اتحادی تنظیم بیان کے صدر رناتو ریاس کا کہنا ہے کہ ہم نے اس احتجاجی ریلی کی منصوبہ بندی نومبر کے مہینے کے لیے کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں شہریوں پر اسرائیلی حملوں میں شدت اور فلپائنی حکومت کا امریکہ کے نقش قدم پر چلنے اور گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی فوری جنگ بندی کی قرارداد سے پرہیز کرنے کا فیصلہ نے ہمارا سڑکوں پر آنا ضروری بنا دیا۔

'فلسطین کے لیے کھڑے ہونے کے لیے مسلمان ہونے کی ضرورت نہیں، صرف انسان بننے کی ضرورت ہے۔ فوٹو عرب نیوز

بایان کے صدر نے کہا کہ ہمارے اس احتجاجی اقدام کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور فلسطینیوں کے خلاف ہونے والی نسل کشی کی شدید مخالفت ہے۔
ہمارا یہ احتجاج اسرائیلی حکومت کے خلاف ہے یقیناً امریکی حکومت اور فلپائنی حکومت کے خلاف بھی ہے جس نے اقوام متحدہ کی اہم قرارداد سے منہ موڑنے کی کوشش کی ہے۔

شیئر: