گاڑی کی نمبرپلیٹ گم ہونے پر کیا کریں؟
ابشر اکاؤنٹ پر پلیٹ گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی جا سکتی ہے (فوٹو: ایکس )
سعودی محکمہ ٹریفک نے گاڑی کی نمبر پلیٹ گم ہونے پر مطلوبہ کارروائی کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ایکس اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ اگر کسی کی گاڑی کی نمبر پلیٹ گم ہو گئی ہو تو وہ اپنے ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے گمشدگی کی رپورٹ درج کرا سکتا ہے۔
محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اگر دو گاڑیوں کے ایک مالک نے کسی ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ دوسری گاڑی میں استعمال کی تو ایسی صورت میں اسے فحص دوری (گاڑیوں کا سالانہ انسپیکشن)، انشورنس اور فیس کی ادائیگی کے بعد محکمہ ٹریفک کے ماتحت وہیکل رجسٹریشن کارڈ جاری کرنے والے قریب ترین ادارے سے رجوع کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ محکمہ ٹریفک نے مذکورہ وضاحت اس حوالے سے ایک صارف کے استفسار کے جواب میں جاری کی ہے۔