سرکاری اداروں میں مینٹیننس اور انتظامات کی اسامیوں کی سعودائزیشن
معاہدوں کا اندراج ’قوی‘ پورٹل کے ذریعے کرانا ہوگا (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سرکاری اداروں میں مینٹیننس اور ان کے انتظامات سے متعلق آسامیوں کی سعودائزیشن کو یقینی بنانے کے لیے واضح اقدامات شروع کر دیے۔
عاجل ویب کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں مینٹیننس اور ان کے انتظامات سے متعلق آسامیوں کی سعودائزیشن تین مرحلوں میں ہو گی۔
پہلے مرحلے میں ان آسامیوں پر تعینات کیے جانے والوں کی ملازمت کے معاہدوں کا اندراج ’قوی‘ پورٹل کے ذریعے کرانا ہو گا۔ اس پر عمل درآمد یکم دسمبر 2023 سے شروع کر دیا گیا۔
دوسرا مرحلہ یکم جون 2024 سے نافذ کیا جائے گا جس کے تحت بڑے اداروں میں آسامیوں کی سعودائزیشن ہو گی۔
تیسرا مرحلہ یکم دسمبر 2024 سے شروع ہو گا جس کے تحت تمام اداروں کی آسامیاں سعودیوں کے لیے مختص ہو جائیں گی۔
قوی پورٹل کے ذریعے ان آسامیوں پر ملازمت کے معاہدوں کے اندراج کا بنیادی مقصد سعودائزیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کی نگرانی ہے۔
وزارت افرادی قوت چاہتی ہے کہ ان آسامیوں پر سعودی نوجوانوں کو رکھا جائے۔
یہ فیصلہ سرکاری اداروں اور ان کمپنیوں پر نافذ کیا جائے گا جن میں سرکاری شیئرز کم از کم 51 فیصد ہیں۔
سعودائزیشن کا فیصلہ مینٹیننس اور آپریشنل ملازمتوں، شہروں کی صفائی، شاہراہوں کی اصلاح و مرمت، دیکھ بھال اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کو بہتر بنانا اور انہیں آپریٹ کرنے والی کمپنیوں کے کارکنان پر نافذ ہو گا۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سرکاری اداروں سے مینٹیننس اور آپریٹ کرنے کے ٹھیکے لینے والے اداروں پر آسامیوں پر تعینات کیے جانے والے کارکنان کی ملازمتوں کا ڈیٹا قوی پورٹل پر جاری کرنے کی پابندی عائد کی ہے۔