Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فارمیسی کے شعبے میں سعودائزیشن، ہدف سے 700 فیصد زیادہ سعودیوں کا تقرر

سعودائزیشن کے تحت فارماسسٹ کی کم از کم تنخواہ سات ہزار ریال مقرر تھی (فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ’طب کے شعبوں کو سعودیوں کے مختص کیے جانے کے اقدامات کامیاب رہے۔ فارمیسی کے شعبے میں مقررہ ہدف سے 700 فیصد زیادہ سعودیوں کا تقرر ہوا ہے۔‘
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت افرادی قوت نے بتایا ’2023 کے شروع سے ستمبر تک 1300 سے زیادہ فارماسسٹ پرائیویٹ سیکٹر میں تعینات کیے گئے ہیں۔‘
وزارت کا کہنا ہے ’فارمیسی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے متعدد شہری بڑی دوا ساز کمپنیوں اور فارمیسیوں والے ہسپتالوں میں ملازمت پسند کرتے ہیں۔‘
وزارت نے مزید کہا ’وزارت صحت کی شراکت اور لیبر مارکیٹ کے جائزے کی بنیاد پر فارمیسی کے شعبے میں تدریجی سعودائزیشن کی پالیسی اپنائی گئی۔‘
’سعودائزیشن کی شروعات 30 فیصد سے کی گئی تھی۔ فارماسسٹ کی کم از کم تنخواہ سات ہزار ریال مقرر تھی۔‘
وزارت افرادی قوت  اور وزارت صحت فارمیسی کے شعبے کے بدلتے ہوئے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مارکیٹ میں سعودی فارماسسٹ کی تعداد مدنظر رکھی جاتی ہے۔ ساتھ ہی  فارماسسٹ فیکلٹی سے فارغ ہونے والے سعودیوں کی تعداد بھی پیش نظر رہتی ہے۔ 
وزارت افرادی قوت نے یہ بھی کہا کہ ’فارمیسی کے شعبے میں سعودی نوجوانوں نے اچھی ساکھ بنا لی ہے۔‘
 سعودائزیشن پروگرام ایڈیشن ٹو میں سعودائزیشن کی ذمہ داریاں چھ اداروں کو دی گئی ہیں۔ اس کے تحت صحت، تجارت، سیاحت، نقل و حمل و لاجسٹک خدمات، بلدیات و دیہی و آباد کاری امور اور صنعت و معدنیات کی وزارتیں سعودائزیشن پر کام کر رہے ہیں۔ 

شیئر: