Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی حجاج کو منیٰ میں پہلے سے بہتر جگہ فراہم کی جائے گی: وزارت مذہبی امور

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد حج معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
جمعرات کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا دورہ سعودی عرب کامیابی سے جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی بارے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔
ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے معاہدات پر دستخط  کیے۔
دستخط کی تقریب میں سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمان، جوائنٹ سیکریٹری حج سجاد یلدرم بھی موجود تھے۔
جدہ میں قائم دفتر امور حجاج پاکستان کے ڈائریکٹرز ضیاالرحمان، فہیم آفریدی اور ضیغم نواز بھی موجود تھے۔
نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ آئندہ حج کے دوران منیٰ عرفات میں پہلے سے بہتر جگہ فراہم کی جائے گی۔
حج 2024  کے دوران عمومی سہولیات گذشتہ سال کی نسبت بہتر ہوں گی۔ حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وزارت کے حکام انتھک محنت کر رہے ہیں۔‘
تقریب کے اختتام پر سعودی حکام نے پاکستانی وفد کو غلافِ کعبہ کا سوینئر پیش کیا۔

شیئر: