Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مسجد نبوی میں جمعے کے دن معذوروں کے لیے خصوصی خدمات

معذوروں کے لیے خصوصی مصلے مختص کیےگئے ہیں(فوٹو: ایکس اکاونٹ حرمین شریفین)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے نگراں ادارے نے کہا ہے کہ ’معذوروں کو جمعے کے دن مسجد نبوی میں خصوصی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔‘ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق حرمین شریفین کے نگراں ادارے نے معذوروں کو مسجد نبوی میں آب زم زم فراہم کیا۔ انہیں عبادت کا طریقہ کار آسان زبان میں سمجھانے والے کتابچے اور قرآن پاک کے نسخے مہیا کیے۔‘ 
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے معذوروں کے لیے خصوصی مصلے مختص کیے ہوئے  ہیں یہ دروازوں کے قریب واقع ہیں تاکہ انہیں آمد ورفت میں آسانی  ہو سکے۔ 
مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو معذور مسجد نبوی میں جمعے کی نماز ادا کرنا چاہتے ہوں وہ گیٹ نمبر 5 اور 6 سے مغربی چھت پر براہ راست جاسکتے ہیں وہاں جمعے کے خطبے کا اشاروں کی زبان میں ترجمہ بھی دکھایا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں مسجد نبوی کے متعدد دروازوں سے متصل خصوصی مصلے قائم کیے گئے ہیں جہاں بریل زبان میں قرآن پاک کےنسخے مہیا ہیں۔
 نماز کے لیے کرسیوں کی بھی سہولت ہے جبکہ آب زم زم بھی ایک علیحدہ سسٹم کے تحت فراہم کیا جارہا ہے۔ 
مسجد نبوی انتظامیہ صحنوں میں آنے جانے کے لیے گالف گاڑیوں کی سہولت بھی مہیا کیے ہوئےہے۔
 معذور افراد مسجد نبوی اور اس کے صحنوں میں آسانی سے نقل و حرکت کرسکتے ہیں۔

شیئر: