Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرمٹ کے بغیر کاروبار، مکہ کے چار ہوٹلوں پر دگنا جرمانہ ہو گا

تفتیشی انسپکٹرز نے مکہ مکرمہ میں ہوٹلوں پر پندرہ ہزار سے زیادہ وزٹ کیے(فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ’ مکہ مکرمہ میں جن چار ہوٹلوں کو سیل کردیا گیا تھا پرمٹ کے بغیر دوبارہ کھولنے پر دگنی سزا ہو گی۔‘
اخبار24 کے مطابق وزارت سیاحت کے تفتیشی انسپکٹرز نے مکہ مکرمہ میں ہوٹلوں پر پندرہ ہزار سے زیادہ وزٹ کیے۔
اس دوران 283 ہوٹلوں کو سیل کردیا گیا۔ بغیر پرمٹ کے  299 ہوٹل  کاروبار کررہے تھے۔
وزارت سیاحت کا کہنا ہے’ تفتیشی عمل کے دوران چار ایسے ہوٹل ریکارڈ پر آئے جنہیں متعدد خلاف ورزیوں کی بنیاد پر سیل کردیا گیا تھا اور وہ بغیر پرمٹ کے دوبارہ کاروبار کرنے لگے تھے۔‘
’قانون سیاحت کے تحت ان ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور دگنی سزا دی جائے گی۔‘
’جو ہوٹل پرمٹ کے اجرا کی پابندی نہیں  کررہے ہیں ان کے خلاف کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ انہیں قانون سیاحت میں موجود سزا دی جائے گی۔‘
وزارت سیاحت کے مطابق’ آئندہ چند روز کے دوران سیل کیے جانے والے تمام ہوٹلوں میں تفتیشی کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ جاری کردہ سزا پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔‘
وزارت کا کہنا ہے’ تفتیشی کمیٹی جس ہوٹل کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ  کرے گی اسے فوری بنیاد پر نافذ کیا جائے گا۔‘
مکہ مکرمہ گورنریٹ اور مکہ پولیس کے تعاون سے کام کیا جائے گا۔

شیئر: