باب المندب کے قریب فورسز کی دوبارہ صف بندی عسکری حکمت عملی: یمنی صدارتی دفتر
بیان کے مطابق فوجی فارمیشن میں تبدیلی کو انخلا سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہئے ( فوٹو: عرب نیوز)
یمنی ایوان صدر کے ذریعے کا کہنا ہے باب المندب اور تعز کمشنری کے علاقے ذوباب میں جنوبی مسلح فورسز کی جانب سے صف بندی دراصل عسکری حکمت عملی ہے جس کے بنیادی مقاصد عدن کا دفاع، لحج کے محاذوں کا استحکام اور تعز گورنریٹ کے محاصرے کو ختم کرنا ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق یمن کے صدارتی دفتر کے میڈیا مشیر اور ابوزرعہ المحرومی کے دفتر کے سابق سربراہ جابر محمد کا کہنا ہے باب المندب اور ذوباب کے اطراف میں فوجی فارمیشن میں تبدیلی کو انخلا سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ یہ عسکری دستوں کی ازسرنو صف بندی اور حکمت عملی ہے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان کرنل ماجد عبداللہ النزیلی کی جانب سے جاری بیان میں تعز کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے جنوبی کمانڈ کے موقف کو انتہائی حساس مرحلے کے حوالے سے ایک قومی موقف قرار دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا عدن کے دفاع اور تعز کا محاصرہ ختم کرنا قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے جس کا مقصد حوثی ملیشیا کے خطرات کا سد باب کرنا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے عدن اور اس کی ملحقہ کمشنری سٹریٹجک گہرائی کی حامل اور عوامی سطح و سیاسی اور اقتصادی اعتبار س اہم ہیں۔ ان علاقوں میں دفاع کو مضبوط بنانے کا مقصد ریاستی اداروں کا تحفظ اور لڑائی کو محدود کرتے ہوئے گرد و نواح تک پھیلنے سے روکنا ہے۔

صدارتی دفتر کے میڈیا مشیر جابر محمد نے موقف اختیار کیا کہ کھلے ساحلی علاقوں میں تعینات فوجی دستے حملوں کا آسان ہدف بن سکتے ہیں جبکہ اصل خطرہ باب المندب، ذوباب اور جزیرہ میون کی پہاڑی چوٹیوں سے لاحق ہے کیونکہ ان پر کنٹرول رکھنے والا فریق ساحلی مقامات پر باسانی اپنا کنٹرول رکھ سکتا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے السقیا کے مقام پر نئی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں جو باب المندب سے 6 سے آٹھ کلومیٹر کی دوری پر ہیں۔ اس طرح وہ ہر حال میں محاذ کے قریب ہی موجود ہوں گے۔
انہوں نے خبردار کیا ساحل سے متصل پہاڑی علاقوں کا مخالف قوتوں کے قبضے میں جانا لحج اور عدن کی جانب پیش قدمی کا راستہ کھول سکتا ہے خصوصا اس لیے کہ راس العارہ اور المضاربہ کے علاقے عدن کے البریقہ علاقے کے قریب ہی ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ پہاڑی علاقوں کو محفوظ بنانے سے ساحلی پٹی کا دفاع ممکن ہوگا۔ افواج کھلے اور غیرمحفوظ مقامات پر مسلسل دباو برداشت کرنے کے بجائے زیادہ موزوں پوزیشنوں سے کارروائیاں کرسکیں گی۔
جنوبی عسکری کمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نئی صف بندی دراصل محاذوں کی بدلتی ترجیجات کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔ اس کا مطلب حوثیوں کے خلاف جنگ یا تعز کا محاصرہ ختم کرنے کی کوششوں سے دستبرداری نہیں۔
بیان کے مطابق عدن، اس کے اداروں اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے جبکہ دیگر محاذوں کی مدد اور موجودہ خطرات کا مقابلہ بھی جاری رہے گا۔

صدارتی دفتر کے میڈیا مشیر جابر محمد کے مطابق جنوبی کمان نے 5 اکتوبر کو آپریشن ’فجرالیمن‘ کے آغاز کے بعد ذوباب ایئرپورٹ، باب المندب کے بعض حصوں اور کھبوب میں پیش قدمی کی تھی۔
ان کے مطابق الوازعیہ اور ساحلی بالائی علاقے عسکری اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں جبکہ کھبوب کے پہاڑ یمنی حکومت کے ماتحت فوج کے کنٹرول میں ہیں۔
فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں زمینی ماحول، عسکری دستوں کی پوزیشنوں، مخالف فریق کے ہتھیاروں اور حملے کے طریقوں کا جائزہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ان کے خیال میں متعدد محاذوں پر لڑائی کا دائرہ وسیع کرنے سے حوثی افواج منتشر ہو سکتی ہیں اور ہر محاذ پر ان کا دباو کم کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب یمنی عسکری ذرائع نے واضح کیا کہ عدن کے امن و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ عارضی دار الحکومت کو لاحق کسی بھی خطرے کا سختی سے جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق موجودہ اقدامات محض عسکری یونٹوں کی نئی تعیناتی تک محدود نہیں بلکہ ان کا مقصد تسلط کو روکنا اور ریاستی اداروں و قومی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
قبل ازیں یمنی افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے کہا تھا کہ باب المندب اور مغربی ساحل کو آزاد کرانا مسلح افواج کا جائز حق ہے جبکہ بین الاقوامی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
