غزہ میں فلسطینی خاندانوں کو خوراک کی فراہمی کے لیے سعودی مہم
اتوار 15 نومبر 2026 21:22
سعودی امدادی ایجنسی نے خاان یونس میں 348 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے سعودی مہم کے تحت خان یونس میں 348 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں۔ اس سے 2 ہزار سے زائد افراد نے فائدہ اٹھایا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ امداد مملکت کی جانب سے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے جاری امدادی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد غزہ میں سنگین انسانی صورتحال کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کے مصائب کو کم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان سینٹر غزہ میں روزانہ ہزاروں گرم کھانے فراہم کر رہا ہے۔ یہ کھانے مرکزی کچن میں تیار کیے جاتے ہیں۔ سینٹرل کچن سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے جو غزہ میں اس کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے۔
غزہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں جمعے کو انتہائی ضرورت مند طبقات میں 24 ہزار گرم کھانے تقسیم کیے گئے جن سے 24 ہزار افراد مستفید ہوئے۔

گرم کھانے کی تیاری اور تقسیم کے تمام مراحل کے دوران فوڈ سکیورٹی کے معیارات کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔
یہ امداد غزہ میں فلسطینیوں کی سپورٹ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے جاری امدادی کوششوں کا تسلسل ہے۔ چار نومبر کو ایک امدادی قافلہ خیمے اور غذائی سامان لے کر غزہ میں داخل ہوا تھا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو رہائش اور خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔

یاد رہے 2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سعودی عرب نے امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔ اب تک طیاروں، بحری جہازوں اور ٹرکوں کے ذریعے ہزاروں ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی جا چکی ہے۔
