Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن: بلیوارڈ میں بین الاقوامی ثقافتی رنگوں کے منفرد انداز

زندگی کی قدیم روایات اور ثقافت زائرین کو منفرد شناخت کا احساس دلاتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض سیزن کے تحت بلیوارڈ میں قائم ’ورلڈ زون‘ بین الاقوامی تفریحی سرگرمیوں کی وسیع رینج  کے ساتھ  سب سے بڑے زونز میں سے ایک ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سال چوتھے سیزن میں 40 فیصد مزید وسعت کے ساتھ شاندار انداز میں تاریخی اور ثقافتی روایات کے مطابق نمائش لگائی گئی ہے۔

علاقائی ثقافت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے پر فخر ہے۔ فوٹو عرب نیوز

بلیوارڈ  کے ورلڈ زون میں کئی ممالک علاقائی ثقافت کے رنگوں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے میں فخر محسوس کر رہے ہیں۔
بلیوارڈ میں روایتی کھانوں اور  ثقافتی لباس سے لے کر علاقائی موسیقی کے ساتھ قدیم روایات کا تحفظ یہاں آنے والوں کو منفرد شناخت کا احساس دلا رہا ہے۔
یہاں بین الاقوامی ثقافتوں کو رواداری اور احترام کے ساتھ سمجھنے اور حصہ لینے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ریاض بلیوارڈ کے ورلڈ پویلینز میں چین، مراکش،  فلسطین، ترکی اور ایران اپنے ممالک کے اہم ترین ثقافتی پہلوؤں کی نمائش کر رہے ہیں۔
مختلف ممالک کی ثقافتی روایات نسل در نسل منتقل ہونے والے تہواروں، رسومات اور انداز سے پیش کی جا رہی ہیں۔

چائنہ اور سیلون کی چائے ملا کر خاص قسم کا مشروب موجود ہے۔ فوٹو عرب نیوز

چائے پیش کئے جانے کی تقریبات میں قدیم چینی رسم و رواج کو مرکزیت حاصل ہے۔ چین کی روز مرہ زندگی کی روایات اور ثقافت میں چائے کو خاص اہمیت ہے۔
یہ مشروب برسہا برس سے سکون بخش اثرات اور ذہنی صلاحیت بڑھانے کے باعث احترام کے ساتھ پسند کیا جاتا ہے۔
بلیوارڈ ورلڈ زون میں چین کے پویلین میں ایک مقامی برانڈ ’عالم الشایی‘ زائرین کو چینی چائے کے منفرد ذائقے پیش کر رہا ہے۔
چینی چائے کے بوتھ پر موجود مرام خالد یہاں آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے چینی چائے کے چار منفرد اور معروف ذائقوں کے بارے میں وضاحت کر رہی ہیں۔
خاص قسم کی چائے کے لیے چائنہ اور سیلون کی چائے کی پتیوں کو ملا کر دیودار کی لکڑی کے دھوئیں کی خوشبو دی جاتی ہے۔

مراکش میں خاص تیار ہونے والی جلد کی حفاظت کی مصنوعات موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

بلیوارڈ میں قائم مراکش کے پویلین میں آنے والے وہاں کی خوبصورت روایات اور ثقافت کی اہمیت کے بارے میں جان سکتے ہیں۔
مراکش کے پویلین میں موجود خاتون صفا نے مراکش کی خوبصورتی، روایتی رسم و رواج  کے علاوہ ایسی مصنوعات کے بارے میں بتایا جو صدیوں سے جلد کی حفاظت اور شفا بخش قدرتی اجزاء سے مالا مال ہیں۔
مراکش میں تیار ہونے والی مختلف مصنوعات جو انسانی جلد کی حفاظت میں معاون ثابت ہوتی ہیں اور ان اعلیٰ اقسام میں جلد کی خوبصورتی اور دیکھ بھال کے لیے خالص اجزاء  شامل ہوتے ہیں۔
صفا نے بتایا کہ مراکش میں ہم اپنی جلد کی حفاظت کے لیے قدرتی اجزاء سے تیار کئے گئے صابن کا انتخاب کرتے ہیں اور مارکیٹ میں موجود دیگر اشیاء شاذ و نادر ہی استعمال کرتے ہیں۔
انہو ں نے وضاحت کی کہ مراکش کی تیار کی گئی زیادہ تر مصنوعات میں خاص قسم کا ’آرگن آئل‘ ملایا جاتا ہے جو صرف مراکش میں پایا جاتا ہے۔

ترکی کی  مٹھائیوں کے ذائقے منفرد انداز سے پیش کئے جاتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ریاض سیزن میں قائم ترکی کے پویلین میں ملبوسات اور مختلف لوازمات کے علاوہ منفرد قسم کی مٹھائیوں کے ساتھ بہت کچھ تلاش کر سکتے ہیں۔
ترکی کے پویلین میں آنے والوں کو  روایتی طور پر پیش کیا جانے والی خدمات انہیں ایسا تاثر دیں گی کہ آپ استنبول کے کسی خاص علاقے میں موجود ہیں۔
پویلین میں موجود ترکی کی معروف مٹھائیوں کے پسندیدہ ذائقے منفرد اور خوبصورت انداز میں پیش کئے جاتے ہیں۔
پویلین میں قائم مٹھائی کے سٹال پر موجود بشار العیوف شامی شہری ہیں جو استنبول  کے رہائشی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ہماری تیار کردہ مٹھائیاں دنیا بھر میں بہت سی نمائشوں میں پیش کی جاتی ہیں۔

ایران کے پویلین میں خاص قسم کے قالین رکھے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

بلیوارڈ میں قائم ایرانی پویلین میں داخل ہونے پر یہاں موجود نووین زعفران کی دکان پر مہمانوں کا استقبال زعفران سے تیار کی گئی چائے سے کیا جاتا ہے۔
زعفران دنیا کی مہنگی ترین جڑی بوٹیوں میں سے ایک ہے جو ایران کی روایات اور ثقافتی رنگوں میں بہت  معروف ہے۔
پویلین میں موجود حسن خالد نے بتایا کہ ہمارے زعفران کی تین  اقسام منفرد ذائقوں کے ساتھ  موجود ہیں ، ہم 13 سال سے مختلف ممالک کی نمائشوں میں جا رہے ہیں ، ریاض سیزن میں پہلی بار حصہ لے رہے ہیں۔
ایران کے پویلین میں خاص قسم کے قالین رکھے گئے ہیں جو علاقائی ثقافت اور قدیم انداز پیش کرتے ہیں، ایرانی قالین کی نفاست اور خوبصورتی جاذب نظر ہے۔ یہاں پر قالین کی دستیابی کے لیے آرڈ ر بھی لئے جا رہےہیں۔
 

شیئر: