رواں سال کا حج پاکستانی عازمین کے لیے مثالی ثابت ہو گا: انیق احمد
رواں سال کا حج پاکستانی عازمین کے لیے مثالی ثابت ہو گا: انیق احمد
بدھ 14 فروری 2024 16:50
پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ ’رواں برس کا حج پاکستانی عازمین کے لیے سہولیات کے اعتبار سے مثالی حج ثابت ہو گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں قلیل المدتی حج کی سہولت دی ہے۔‘
بدھ کے روز حاجی کیمپ لاہور میں حاجیوں کے تربیتی سیشن کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ ’حاجی اللہ کے مہمان ہیں اور ہمارے بھی۔ شفاف نظام کے تحت درخواست گزاروں میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے جن کی تربیت کا آغاز 12 فروری سے ہو چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے وزارت کا قلمدان سنبھالا تو سب پر واضح کر دیا تھا کہ سال2024 میں پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ جو سہولتیں ماضی میں نہیں ملیں وہ رواں سال حجاج کو ملیں گی۔‘
انیق احمد کے بقول حج انتظامات کے حوالے سے جہاں جہاں مسائل کی نشاندہی کی گئی ان پر وزارت نے پوری دلجمعی کے ساتھ کام کیا ہے اور ’اس سلسلے میں سعوی عرب کے دورہ کے دوران حاجیوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا تھا وہاں پر قیام و طعام اور سفری سہولیات سمیت تمام بنیادی ضروریات کو معیاری پایا۔‘
پاکستانی حاجیوں کو سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ کی سہولت کے حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ رواں سال حجاج کرام کو زیارات مقدسہ کے لیے بسوں کے ساتھ ساتھ ٹرین کی بھی سہولت میسر ہو گی۔
نگراں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ’ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں قلیل المدتی حج کی سہولت دی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے بتایا کہ ’ہم حجاج کرام کو سبز رنگ کاایک سوٹ کیس کیو آر کوڈ کے ساتھ دے رہے ہیں تاکہ ان کا سامان گم نہ ہو۔ عازمین حج کو سات جی بی ڈیٹا 180 انٹرنیشنل کالنگ منٹس کے ساتھ سم بھی فری دی جائے گی تاکہ انہیں اپنے عزیز و اقارب سے رابطہ کرنے میں آسانی ہو سکے۔‘
انیق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان میں رواں سال خواتین کو پہلی دفعہ مفت عبایا بھی دیا جائے گا جس پر پاکستانی پرچم بنا ہو گا۔ حجاج پاکستان کے سفیر ہیں ، ان سے التماس ہے کہ وہ دوران مناسک حج ملک و ملت کی سلامتی، خوشحالی اور سر بلندی کے لیے دعائیں کریں۔‘