مصنوعات پر ’سیل ‘ کا اعلان پرمٹ کے بغیر نہ کیا جائے ، وزارت تجارت
جمعرات 29 فروری 2024 5:46
مصنوعات پرانے اور سیل کے بعد والے نرخ واضح کرنا ضروری ہے(فوٹو ایس پی اے)
وزارت تجارت نے رعایتی نرخوں کا اعلان کرنے کے ضوابط مقرر کردیئے ہیں۔ تجارتی اشیا پر سیل لگانے کے لیے پرمٹ حاصل نہ کرنے پر خلاف ورزی درج کی جاتی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے روایتی اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے لیے 9 ضوابط مقرر کیے ہیں جن کو پورا کرنے پروزارت کی جانب سے رعایتی نرخوں کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کسی بھی تجارتی ادارے کے مالکان اپنی مصنوعات کے حوالے سے رعایتی سیل کا اعلان کرنے سے قبل وزارت سے رجوع کرنے کے پابند ہیں۔ صارفین کو چاہئے کہ جس ادارے کی انتظامیہ کی جانب سے سیل کا اعلان کیا گیا ہو وہ وزارت کی جانب سے جاری کیے جانے والے بارکوڈ کو اسکین کریں تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ لگائی جانے والی سیل درست ہے یا نہیں۔
رعایتی نرخوں کے حوالے سے وزارت نے سختی سے کہا ہے کہ تجارتی ادارے کی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ مصنوعات پر پرانے اور نئے نرخ آویزاں کریں تاکہ صارفین کو معلوم ہوسکے کہ سیل کے بعد کتنی رعایت حاصل کی جاسکے گی۔
وزارت نے مزید کہا ہے کہ جن اشیا پر سیل لگائی گئی ہو گی ان کے بارے میں واپسی کی پالیسی واضح کرنا ضروری ہے۔ اس حوالے سے واضح طور پردرج کیا جانا چاہئے کہ مذکوہ اشیا کتنے دن تک اور کس حالت میں واپس یا تبدیل کی جاسکتی ہیں یا اس کی اجازت نہیں۔