Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی نوجوان کا آپریشن، 30انچ طویل آنت کاٹ دی گئی

بیجنگ .... چین میں ایک شخص کی 30انچ لمبی آنت کا آپریشن کیا گیا ہے۔ وہ بچپن سے ہی قبض کا شکار تھا اور اسکا پیٹ کم عمری سے ہی بڑھنے لگا تھا۔ قبض سے نجات کیلئے اس نے مختلف دوائیں استعمال کیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ وہ جب ایک اسپتال پہنچا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ اگر وہ فوری نہ آتا تو اسکا پیٹ کسی بھی وقت پھٹ سکتا تھا کیونکہ گزشتہ کئی ماہ سے اسکی بڑی آنت میں فضلہ جمع ہورہا تھا۔اس شخص کی عمر 22سال بتائی جاتی ہے اور یہ اسی مرض کے ساتھ پیدا ہوا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مریض کا علاج مشرقی چین کے شہر شنگھائی کے پیپلز اسپتال میں ہوا۔ بڑی آنت کی وجہ سے اسکا پیٹ بھی سوجھ چکا تھا اور ایسا لگتا تھا کہ وہ حاملہ ہے۔ اب تک وہ قبض ختم کرنے کیلئے مختلف ادویہ پر بھروسہ کررہا تھا تاہم اب ڈاکٹر ین لو کی قیادت میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے آپریشن کرکے اسے اس آنت سے جان چھڑادی۔ اطلاعات کے مطابق اس بیماری کے نتیجے میں وہ کافی عرصے سے تکلیف کا شکار تھا۔ اسپتال آمد کے بعداسکے کئی ٹیسٹ بھی ہوئے جس سے پتہ چلا کہ کئی ماہ سے اس کے پیٹ میں فضلہ جمع ہورہا تھا۔ 3گھنٹے طویل آپریشن کے بعد اس کی 30انچ کی آنت کاٹ دی گئی۔ جسکا وزن تقریباً13 کلو تھا۔ آپریشن کے بعد مریض کی حالت بہتر ہے اور خیال ہے کہ وہ جلد ہی صحتیاب ہوجائیگا۔ اس طرح کی بیماری ہر 5ہزار میں سے ایک شخص کو ہوا کرتی ہے۔

شیئر: