خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے غیرادا شدہ ٹریفک چالان کی ادائیگی پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’ ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان میں دی جانے والی رعایت ایسے افراد کےلیے ہو گی جن کے چالان 18 اپریل 2024 سے قبل تک درج کیے گئے ہوں گے‘۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری وضاحت میں مزید کہا گیا کہ ’ٹریفک خلاف ورزیوں پرعائد کیے جانے والے چالان میں دی جانے والی 50 فیصد رعایت کی مہلت 6 ماہ تک جاری رہے گی جس کا آغاز 18 اپریل 2024 سے کیا جائے گا‘۔
چالان کی ادائیگی کے لیے دو طریقے وضع کیے گئے ہیں جن کے تحت 50 فیصد رعایت حاصل کی جاسکتی ہے۔ متاثرہ شخص اگر چاہے تو وہ تمام چالان کی رقم یکمشت ادا کردے یا ہر چالان کی ادائیگی جدا جدا بھی کی جاسکتی ہے۔