جدہ ( امین انصاری ) کوکن کمیٹی جدہ کی جانب سے افطار ڈنر کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا ۔ اسلم مکدم نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ کوکن کمیٹی جدہ انتہائی بہتر انداز میں آپ کے تعاون کے ساتھ وطن عزیز میں یتیموں اور پریشان حال لوگوں کی مدد کررہی ہے ۔ روز بروز ہمارا کام بڑھتا جارہا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب آپ کا تعاون شامل حال رہا ۔ فیض راکھنج پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ کوکن کمیٹی جدہ وطن عزیز میں چند پروجیکٹ چلا رہی ہے ۔ 4 سال قبل ہم نے شپلون گاؤں میں خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ وہ خواتین جو کل تک مالی بحران کا شکار تھیں آج وہ زکوٰۃ دینے کی قابل بن گئی ہیں ۔ ہم نے یہیں پر تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جس سے اب تک 150 طالبات گریجویٹ بن کر ملک و قوم کا نام روشن کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کوکن کمیٹی کے احباب اگرچہ مختلف گاؤں اور شہروں میں رہتے ہیں لیکن جدہ میں وہ ایک ہوکر کام کررہے ہیں جس کی وجہ سے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ تابول گاؤں میں ایک دینی مدرسہ ہے جہاں 40 بچے حفظ قرآن کررہے ہیں کوکن کمیٹی نے ان بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ الیکٹریکل کورس اور عصری تعلیم کی بھی تربیت دینے کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے ۔ کوکن کمیٹی چاہتی ہے کہ ہم کسی کو رقم دینے کے بجائے انہیں تعلیم یا کسی فن میں ماہر کریں تاکہ وہ مستقل بنیاد پر خود کفیل ہوجائیں ۔ انہوں اس موقع پر مفتی اصغر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمارے پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ صدر کوکن کمیٹی اسماعیل وانگھڑے نے کہا کہ کوکن کمیٹی جدہ کی خواہش ہے کہ ہر کوکنی بھائی زکوٰۃ دینے کے قابل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ کوکن کمیٹی ملت کی بیٹیوں کی شادیوں کیلئے ’’روبرو‘‘ پیامات کا سلسلہ شروع کرنا چاہتی ہے تاکہ جہیز اور دیگر خرافات سے پاک شادی عمل میں آئے ۔ کوکن کمیٹی ویب سائٹ سے برادری سے متعلق معلومات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے مفید مشورے لئے اور دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوکن کمیٹی نے میڈیکل کے شعبے میں امسال 4 لاکھ سے زائد روپے کی رقم عطیہ کی ہے نیز میڈیکل اسٹوڈنٹس اور دیگر شعبہ کے اسٹوڈنٹس کی تعلیم کیلئے نقد امداد بھی کی جاتی ہے ۔تقریب میں جنرل سیکریٹری رفیق کونڈلکی ، ظفر بیگ اکبر خان ، عبدا لغنی دیشمک ،عشرت پارکر، حسین چھوگلے ،عقیل ملا اور مرتضی دالوی نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور شرکاء کا خیر مقدم کیا ۔امتیاز داماد کے شکریہ پر افطار ڈنر کا اختتام عمل میں آیا ۔