Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت نے مثالی ترقی کی، احسن اقبال

احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ مملکت کا ویژن 2030 ترقی اور جدت کا مثالی نظریہ ہے۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ اور ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
جدہ میں عید ملن تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کافی مفید رہی جس کے وطن عزیز پر کافی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
’مملکت کا ویژن 2030 ترقی اور جدت کا مثالی نظریہ ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدبرانہ قیادت میں مملکت نے جس مختصر مدت میں ترقی کی ہے وہ دنیا کے سامنے ہے۔‘
جدہ میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکٹری جنرل ملک منظور حسین، سیکرٹری جنرل جدہ ریجن عبدالخالق مہر اورمعروف پاکستانی صنعت کار حافظ عبدالروؤف کی جانب سے منعقد کی گئی عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی معیشت کے استحکام اور ترقی کےلیے سعودی عرب کا کردار مثالی رہا ہے۔
’یہاں 27 لاکھ کے قریب پاکستانی مقیم ہیں جن کے ذریعے ارسال کیے جانے والا زرمبادلہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتا ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے الزامات کی سیاست کو ترک کرتے ہوئے آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا، ملکی معیشت کی ترقی میں ہی ہم سب کا مفاد ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے اپنی منزل کو واضح طورپر متعین کرنا ہوگا اسی جذبے اور سوچ کے تحت تعمیر پاکستان کے کاررواں کا حصہ بنا ہوں۔‘
’آج دنیا میں ممالک کی جو درجہ بندی کی گئی ہے وہ معیشت کے اعتبار سے ہے، کوئی گروپ 20 میں ہے تو کوئی جی 7  کا رکن ہے لیکن پاکستان کہاں ہے؟‘
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب سے جو ہمارے تعلقات ہیں وہ مثالی ہیں مگر کیا وجہ ہے کہ اس کے باوجود ہم تجارتی سطح پر اس حد کو نہیں چھو سکے؟ تعلقات کے اعتبار سے ہماری تجارت اربوں ڈالر کی ہونی چاہیے، ہمیں اس جانب فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔‘
 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرگودھا حقلہ 74 سے تعلق رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی میاں اکرام الحق اور رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمضان سبحانی نے شرکاء کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

شیئر: