Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وفد کا دورہ: پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی: شہباز شریف

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’سعودی وفد کے حالیہ دورے کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔‘ 
وزیراعظم آفس کے مطابق ’بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’ہمیں اسی طرح محنت اور لگن سے سعودی سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔‘
’مجھے پُورا یقین ہے کہ اگر ہم اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان کی ترقی و خوش حالی اور معاشی استحکام کے اہدف جلد حاصل کر لیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں کہ میرے حالیہ دورے کے بعد ان کی خصوصی دلچسپی کے تحت سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔‘
وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اور متعلقہ حکام کی سعودی وفد کے کامیاب دورے کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ 
انہوں نے کہا کہ ’سعودی وفد پاکستانی وزرا اور حکام کی تیاری سے متاثر ہوا اور وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اِس کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سعودی وفد کے دورے کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آنے کے بعد ہمیں منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانا ہے۔‘
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’اس حوالے سے نہ تو پرانے طریقہ کار پر چلنے کی گنجائش ہے اور نہ میں اِس کی اجازت دوں گا۔‘
سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں 15 اپریل کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچا تھا۔
دورے کے دوران سعودی وفد نے پاکستان کے وزیر اعظم، صدر مملکت اور آرمی چیف سمیت اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
اس دوران سعودی وفد بشمول شہزادہ فیصل بن فرحان نے ’سعودی عرب پاکستان انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں بھی شرکت کی۔ 
سعودی وزیرِ خارجہ نے پاکستانی حکام سے ملاقانوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’ہمیں سعودی سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانا ہے‘ (فوٹو: پی ایم آفس)

شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پُرعزم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں نے دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ سپیشل سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا دورہ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات کا نتیجہ ہے اور پاکستان میں استقبال اور مہمان نوازی پر بہت شکر گزار ہیں۔‘
’پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، اہم کام آئندہ چند مہینوں میں ہوگا، ہم معاشی ترقی اور علاقے کی سکیورٹی کے لیے مل کر کام کریں گے اور ہم اس دورے سے پرامید ہیں۔’
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب میں تعمیری گفتگو ہوئی، اس کا فالو اپ کریں گے، پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مہمان وفد کے اعزاز میں ایک عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پُرعزم ہے‘ (فائل فوٹو: پی ایم آفس)

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل کی رات کو واپس وطن روانہ ہو گئے تھے۔
سعودی وزیر خارجہ کا دورہ خوش آئند اور کامیاب رہا: وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ’سعودی وزیر خارجہ کا دورہ خوش آئند اور کامیاب رہا، ہماری خارجہ پالیسی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ’ہم سعودی وفد کی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے پر اس کے شکرگزار ہیں۔‘
’سعودی وفد کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے ریفائنری، ٹورزم کے بہت سے معاملات زیر بحث آئے جنہیں عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے اور چند دنوں میں اعلی سطح کا وفد بھی آئے گا اور معاہدوں پر دستخط میں پیش رفت ہو گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی عرب سے نجی شعبے کا ایک وفد بھی آئے گا، ان کے دورہ کو سہولت دی جائے گی اور جب وہ ہمارے سیکٹرز کے ساتھ کام کریں گے تو یہ معیشت کے لیے بڑا قدم ہو گا۔‘

شیئر: